مریم نواز شاہد خاقان, احسن اقبال سے ملاقات کیلئے اسلام آباد پہنچ گئیں

فائل فوٹو


اسلام آباد: مسلم لیگ نواز کی نائب صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز سینئر پارٹی رہنماؤں شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال سے ملاقات کیلئے اسلام آباد پہنچ گئیں۔

ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب کے مطابق مریم نواز ساڑھے 4 بجے شاہد خاقان عباسی کی رہائش گاہ پہنچیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ مریم نواز ساڑھے 5 بجے احسن اقبال کی رہائش گاہ پر جائیں گی۔

مزید پڑھیں: ناراض رہنما ساتھ نہیں رہنا چاہتے تو نکال دیں گے، شاہدخاقان

خیال رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے ن لیگ میں اختلافات سے متعلق خبریں میڈیا پر سامنے آئی ہیں۔

دو روز قبل وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ن لیگ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے اراکین پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی۔

تفصیلات کے مطابق سابق رکن صوبائی اسمبلی چوہدری طاہر بشیر چیمہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اجلاس کے دوران مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے اراکین اسمبلی نے وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور سیاسی صورتحال اور اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ بھی جانیں: پیچھے رہ جانے والے علاقوں کو ان کا حق دیں گے، عثمان بزدار

اراکین اسمبلی نے حکومت کی غیر مشروط حمایت جاری رکھنے کا اعلان کیا اور اتفاق کیا گیا کہ صوبے کے عوام کی خدمت کیلئے ملکر کام جاری رکھیں گے۔

ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے آج صبح شاہد خاقان عباسی نے کہا تھا کہ پارٹی کے ناراض رہنماؤں کا مؤقف جاننے کی کوشش کی جائے گی اور جو ساتھ نہ رہنا چاہیں تو نکالے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ن لیگی رہنماؤں کی وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقاتوں کی خبریں ٹی وی پر دیکھی ہیں۔

ان کا کہنا تھا مسلم لیگ ن تقسیم نہیں ایک ہی جماعت ہے، البتہ اختلاف رائے ہر جماعت میں ہوتی ہے اور اس کا احترام کرنا اچھی بات ہے۔


متعلقہ خبریں