ایم کیو ایم قیادت کی تبدیلی پر الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل

ایم کیو ایم قیادت کی تبدیلی پر الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: ایم کیو ایم کی کنوینئر شپ کے معاملے پر الیکشن کمیشن آف پاکستان کا فیصلہ معطل کر دیا گیا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے پارٹی قیادت کے مسئلے پر الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کرنے کا حکم جمعرات کو دیا۔

ہائی کورٹ نے فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے معاملے کی آئندہ سماعت کے لئے 11 اپریل کی تاریخ مقرر کی ہے۔

فاروق ستار نے ایڈووکیٹ بابر ستار کے توسط سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔ جس میں الیکشن کمیشن، کنور نوید جمیل اور خالد مقبول صدیقی کو فریق بناتے ہوئے انتخابی کمیشن کا فیصلہ معطل کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔

الیکشن کمیشن نے ایم کیو ایم پی آئی بی کی اپیل پر فیصلہ سناتے ہوئے فاروق ستار کو کنوینئر شپ سے ہٹا دیا تھا۔ فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے فاروق ستار نے اسے انتخابی کمیشن کے اختیار سے تجاوز قرار دیا تھا۔

سینیٹ انتخابات سے قبل امیدواروں کے انتخاب کے مسئلے پر ایم کیو ایم میں اختلافات ہوئے تھے۔ اس کے بعد پارٹی بہادرآباد اور پی آئی بی نامی دو گروپوں میں تقسیم ہو گئی تھی۔ ایک دھڑے کی قیادت فاروق ستار جب کہ دوسرا عامر خان اور خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں کام کر رہا تھا۔

سندھ اسمبلی میں خاصی نشستیں رکھنے والی جماعت اختلافات کی وجہ سے سینیٹ انتخابات میں صرف ایک نشست بمشکل حاصل کر پائی تھی۔ اسی دوران بہادرآباد گروپ نے الیکشن کمیشن سے رجوع کرتے ہوئے دعوی کیا تھا کہ پارٹی آئین کے مطابق وہ حقیقی قیادت ہیں۔


متعلقہ خبریں