حج قرعہ اندازی: ’کامیاب عازمین کو آج ہی ایس ایم ایس پر اطلاع دی جائیگی‘


اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مذہبی امور ڈاکٹر نورالحق قادری نے کہا ہے کہ سرکاری حج اسکیم کے تحت کامیاب ہونے والے عازمین کو آج ہی ایس ایم ایس پر اطلاع دی جائے گی۔

سرکاری حج اسکیم کی قرعہ اندازی کی تقریب کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حج کے لیے سارے مراحل میں قرعہ اندازی سب سے اہم ہے۔ ہزار افراد میں سے ایک شخص کا قرعہ نکلتا ہے۔

وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نے کہا کہ سرکاری حج اسکیم کے تحت اس سال ایک لاکھ 79 ہزار 210 کا کوٹہ موجود ہے۔ اس سال ایک لاکھ 49 ہزار295 سے زائد حج درخواستیں موصول ہوئیں۔اس سال 60 فیصد حاجی سرکاری حج اسکیم سے جائیں گے۔

مزید پڑھیں: حج قرعہ اندازی بینکوں کی درخواست پر ایک دن کے لیے مؤخر

نورالحق قادری نے کہا کہ 3 سال سے قرعہ اندازی میں ناکام 7648 عازمین کو حج  پر بھیجاجائےگا۔ بزرگ شہریوں کیلئےعمر کی حد 80 سال سے کم کر کے 79 کردی ہے۔ 70 سال سے زائد بزرگوں کیلئے 10 ہزار کا کوٹہ مختص ہے۔ 70 سال سے زائد 12 ہزار بزرگ شہریوں کی درخواست موصول ہوئی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ کامیاب عازمین کو 19 مارچ تک میڈیکل سرٹیفیکیٹ متعلقہ بینک میں جمع کرانا ہوگا۔  اعتماد سنٹرز سے بائیو میٹرک کے بعد پاسپورٹ بینکوں میں جمع کرانا ہوں گے۔ پاسپورٹ جمع کرانے کی تاریخ جلد بتادی جائے گی۔ جو کامیاب نہ ہوسکے گا وہ اگلے ہی روز بینکوں سے رقم واپس لے سکتے ہیں۔

وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا کہ فریضہ حج کی سعادت حاصل کرنے والے خوش نصیب ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے حوالے سے سعودی حکومت سے رابطے میں ہیں۔ سعودی حکومت نے اب تک انتظامات جاری رکھنے کا کہا ہے۔ سعودی حکومت نے ایک لاکھ سے زائد عازمین حج والے ممالک کو اعتماد میں لیکر حتمی فیصلہ لینے کا کہا ہے۔

نورالحق قادری نے کہا کہ تاحال ارکان پارلیمنٹ کا کوئی کوٹہ نہیں ہے۔ تیل سستا ہونے کا فائدہ حاجیوں کو پہنچانے کے لیے ایئرلائنز سے بات کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے سال کچھ سیاسی شکایات تھیں۔ جو حقیقی مسائل تھے ان پر ایکشن لیا گیا ہے۔ بعض سعودی کمپنیوں نے جو درست سہولیات نہیں دیں ان کے خلاف شکایت پر سعودی حکومت نے ایکشن لیا ہے۔

نورالحق قادری نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے حج درخواستیں کم وصول ہوئی ہیں۔ کرونا وائرس کی وجہ سے افواہیں پھیلانے سے گریز کیا جائے۔ روڈ ٹو مکہ کے لیے مزید ایئرپورٹس بڑھانے کی کوشش کریں گے۔


متعلقہ خبریں