خیبرپختونخوا: حالیہ بارشوں میں نو افراد جاں بحق


پشاور: خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں کے دوران نو افراد جاں بحق جبکہ 11 زخمی ہوئے۔

صوبائی ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر 11 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ ادارے کی جانب سے متاثرہ اضلاع میں امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے تمام اضلاع کی ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں بارشوں کا سسٹم جمعہ تک رہنے کا امکان

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ پی ڈی ایم اے نے نو مارچ کو تمام اضلاع کو مراسلہ جاری کیا تھا جس میں پیشگی حفاظتی اقداما ت کی ہدایات جاری کی تھی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا میں بارشوں کا نیا سلسلہ کل سے شروع ہو نے کا امکان ہے جو جمعے کے روز تک جاری رہے گا۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق تیز بارشوں، برفباری اور ژالہ باری کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات اٹھانے کی ہدایات کردی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تیز بارشوں کے باعث صوبے حساس اضلاع میں فلیش فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کاخدشہ ہے۔

پی ڈی ایم اے نے مقامی انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ جہاں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہو وہاں پر چھوٹی بھاری مشینری کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔

سیاحوں کو محفوظ مقامات کی نشاندہی سمیت لینڈ سلائیڈنگ اور دیگر خطرات سے باخبر رکھا جائے۔


متعلقہ خبریں