سفری پابندیاں: یورپی یونین نے امریکہ کا یک طرفہ فیصلہ مسترد کر دیا


پیرس: یورپی یونین نے امریکہ کی یک طرفہ سفری پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ مسترد کر دیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یورپی یونین کے ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکہ نےیورپ پر سفری پابندیوں کا فیصلہ بغیر مشورے یک طرفہ طور پر کیا۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کا بحران علاقائی نہیں بلکہ عالمی ہے، یک طرفہ فیصلوں کے بجائے باہمی تعاون سے ہی اس بحران پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے نمٹنے کے لیے امریکہ نے آج یورپ پر نئی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے نمٹنے کے لیے نئی پابندیوں کا اطلاق کیا جا رہا ہے جبکہ آئندہ 30 دن کے لیے یورپ سے امریکہ آنے والوں کے لیے تمام طرح کا سفر معطل رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ پابندیاں سخت ضرور ہیں لیکن ان کا اطلاق برطانیہ پر نہیں ہو گا۔ وائرس کے نئے کیسز کو روکنے کے لیے یورپ سے امریکہ کے ساحل کا سفر بھی 30 دن کے لیے معطل رہے گا۔

امریکی صدر نے کہا کہ یورپ پر نئی پابندیوں کا اطلاق جمعہ کی شب 12 بجے کے بعد سے ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں کورونا وائرس، فرانس میں مزید 15 افراد ہلاک

واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے برطانیہ میں اب تک 456 افراد متاثر ہو چکے ہیں۔ امریکہ میں بھی کورونا وائرس ایک ہزار 135 افراد کو متاثر کر چکا ہے جن میں سے 38 امریکی شہری موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔

کورونا وائرس دنیا کے 122 ممالک تک پہنچ گیا جس کے بعد کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ، 26 ہزار 369 ہو گئی۔ برطانیہ کے مزید 73 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی جس کے بعد برطانیہ میں متاثرہ افراد کی تعداد 456 ہو گئی۔


متعلقہ خبریں