آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن  نے ہڑتال کی دھمکی دے دی


کراچی: آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن  نے  20 مارچ تک مطالبات  پورے نہ ہونے کی صورت میں ہڑتال کی  دھمکی دے دی ہے۔

صدر آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن عابد ﷲ آفریدی نے دیگر عہدہ داروں کے ہمراہ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اٹھارٹی (اوگرا)  قوانین پر عمل کیا، لیکن پھر  بھی  لوڈنگ بند ہے۔ دوہزار انیس سے کرائے بھی  نہیں بڑھائے گئے۔

صدر آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن عابد ﷲ آفریدی نے کہا کہ کئی بار فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف  بی آر)، حکومت اور  وزارت تیل و گیس سے بات چیت کی، لیکن ہمیں نظر انداز کیا جارہا ہے۔

مزید پڑھیں: تاجروں اور ڈاکٹروں کے بعد پٹرولیم ٹینکرز ایسوسی ایشن نے بھی ہڑتال کر دی

انہوں نے کہا کہ پہلے ہم نے ڈیڑھ ہزار گاڑیاں اوگرا رولز کے تحت بنائیں، لیکن ہمیں لوڈنگ نہیں دی جارہی۔ پرانے ٹینکرز کی لوڈنگ سالوں سے بند ہے، جبکہ  پرائیوٹ ٹھیکیداروں کو مسلسل ٹھیکے دیے جارہے ہیں۔

عابد ﷲ آفریدی نے کہا کہ عدالتی فیصلہ موجود ہے لیکن ا س پر  عمل  نہیں ہورہا۔ کرایوں کی مد میں دوہزار انیس  سے اب تک کوئی اضافہ نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ بیس مارچ تک مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو  اپنی گاڑیاں کھڑی کردیں گے اور تیل کی ترسیل بھی مکمل طور پر بند کی جاسکتی ہے۔


متعلقہ خبریں