خطے میں امن اور استحکام کا راستہ افغانستان سے ہو کر آتا ہے، آرمی چیف

فوٹو: فائل


راولپنڈی: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہےکہ خطے میں امن اور استحکام کا راستہ افغانستان سے ہو کر آتا ہے۔

پاک فوج شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف کی زیرصدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں ملکی سلامتی اور سرحدوں کی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کورکمانڈر کانفرنس میں کورونا وائرس سے پیدا ہونیوالی صورتحال کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا کے پیش نظر قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب

اس موقع پر کورونا وائرس کے پیش نظر فوج کی سطح پر احتیاطی تدابیر پر بھی بریفنگ دی گئی جس پر آرمی چیف نے قومی کوششوں میں کردار ادا کرنے کے لیے ہدایات جاری کر دیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کورونا وائرس کے ملک میں وبائی شکل اختیار کرنے کی صورت میں فوج امدادی کارروائیوں کے لیے تیار ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کور کمانڈرز نے لائن آف کنٹرول کی صورت حال کا بھی جائزہ لیا، اجلاس میں قومی و علاقائی سطح پر جیو اسٹریجک ماحول پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں افغان امن عمل پر خصوصی تبادلہ خیال کیا گیا۔

 


متعلقہ خبریں