کینیڈین وزیراعظم کی اہلیہ سمیت کئی نامور شخصیات کورونا وائرس کی شکار


امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے گزشتہ ہفتے ملاقات کرنے والے برازیلین صدر کے پریس سیکرٹری، کینڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کی اہلیہ اور ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے مشیر اعلیٰ سمیت کئی دیگر نامور شخصیات کورونا وائرس کی شکار ہوچکی ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق گزشتہ ہفتے برازیلین صدر نے امریکی ہم منصب سے  فلوریڈا کے سیاحتی مقام پر ملاقات کی تھی جس میں پریس سیکریٹری بھی موجود تھے۔

ملاقات کے موقع پر برازیلین سیکریٹری نے امریکی صدر سے ہاتھ بھی ملایا تھا، اس سے پہلے امریکی صدر اپنے دو قریبی دوستوں ڈَگ کولنز اور میٹ گیٹز سے بھی ملاقات کرچکے ہیں، جن میں کورونا کا شبہ ظاہر کیا جاچکا ہے۔

گیارہ مارچ کو ایک صحافی نے امریکی صدر سے سوال کیا تھا کہ کیا آپ نے اپنا ٹیسٹ کروایا ہے، جس کے جواب صدر نے کہا تھا کہ وہ بہتر محسوس کررہے ہیں۔

دوسری جانب کینڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کی اہلیہ میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے، جس کے بعد کینیڈین وزیراعظم کی اہلیہ کو آئسولیشن میں رکھا گیا ہے۔

کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر کینیڈین وزیراعظم نے بھی اپنے آپ کو آئسولیٹ کرلیا ہے۔

ایرانی سپریم لیڈر  آیت اللہ خامنہ ای کے مشیر اعلیٰ اکبر ولایتی میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔

خبر ایجنسی کے مطابق علی اکبر ولایتی  کا تہران میں اپنا اسپتال ہے اور گزشتہ کئی ہفتوں سے کورونا کے مریضوں سے رابطے میں  تھے۔

متاثرہ ایک مریض سے سابق ایرانی وزیر خارجہ کو کورونا وائرس منتقل ہوا۔


متعلقہ خبریں