میرین اکیڈمی کو 31 مئی تک بند رکھنے کا اعلان


کراچی: وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے میرین اکیڈیمی کو 31 مئی تک بند رکھنے کا اعلان کردیا تاہم تاہم کیڈٹس کی کلاسز اور اسائنمنٹ آن لائن جمع ہوں گے۔

اپنے ٹوئٹر پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ میرین اکیڈیمی کے روزمرہ کے انتظامی امور چلتے رہیں گے۔

علی زیدی کے مطابق یہ فیصلہ کیڈٹس کو کورونا وائرس سے بچانے کےلیے اٹھایا گیا ہے۔

گزشتہ روز وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرصدارت اہم اجلاس کے دوران صوبے میں تعلیمی ادارے 30 مئی تک بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

تعلیمی ادارے 30 مئی تک بند کرنے کے ساتھ ہی نویں اور دسویں جماعتوں کے امتحانات بھی منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: کورونا: سندھ میں تعلیمی ادارے 30 مئی تک بند کرنے کا فیصلہ

سندھ میں تعلیمی ادارے پہلے ہی کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر حفظ ماتقدم کے طور پر15 مارچ تک بند کردیے گئے تھے۔

سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی نے کہا ہے کہ صوبے کے تمام تعلیمی ادارے 30 مئی تک موسم گرما کی تعطیلات کے لیے بند رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نویں اور دسویں جماعتوں کے 16 مارچ سے شروع ہونے والے امتحانات بھی منسوخ کردیے گئے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا ہے کہ تمام تعلیمی ادارے گرمیوں کی تعطیلات کے بعد یکم جون 2020 کو دوبارہ کھل جائیں گے۔


متعلقہ خبریں