بھارت میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت


نئی دہلی: دنیا بھر میں خوف کی علامت بننے والی مہلک بیماری کورونا وائرس کے باعث بھارت میں پہلی ہلاکت ہوگئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست کرناٹکا کے علاقے کالابراگی میں ایک 76 سالہ شخص کا حال ہی میں انتقال ہوا تھا جس کے جسم سے لیے گئے نمونوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔

ہلاک ہونے والا شخص 29 فروری کو مشرق وسطیٰ سے واپس بھارت آیا تھا اور پانچ مارچ سے نجی اسپتال میں زیر علاج تھا۔

آٹھ مارچ کو انہیں حیدرآباد منتقل کردیا گیا تھا تاہم ان کی فیملی نے ڈسچارج کرالیا اور اسی رات ان کا انتقال ہوگیا۔

مزید پڑھیں: کینیڈین وزیراعظم کی اہلیہ سمیت کئی نامور شخصیات کورونا وائرس کی شکار

دنیا بھر میں 127 ممالک کو متاثر کرنے والے کورونا وائرس سے بھارت میں اب تک درجنوں درجنوں افراد متاثر ہوچکے ہیں۔

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کورونا وائرس کو عالمی وبا قرار دے چکا ہے جس کے باعث دنیا بھر میں تقریباً 5000 ہزار افراد موت کی وادی میں سوچکے ہیں۔

چین میں تین ہزار ایک سو انہتر افراد چل بسے، ایران میں چار سو انتیس، اسپین میں چھیاسی، جنوبی کوریا میں چھیاسٹھ، اور فرانس میں اڑتالیس افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

امریکہ میں چالیس، اور برطانیہ میں آٹھ افراد ہلاک ہوگئے، بھارت میں بھی کورونا وائرس سے ایک ہلاکت کی تصدیق ہوچکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:کورونا وائرس کو عالمی وبا قرار دے دیا گیا

اٹلی میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور چوبیس گھنٹوں کے دوران اس وائرس کے کیسز کی تعداد میں23 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اٹلی میں ایک سو نواسی افراد کی ہلاکت کے ساتھ  مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار سولہ ہوگئی ہے۔

ایک پاکستانی شہری بھی اٹلی میں ہلاک ہوا ہے۔ اٹلی میں دکانیں اور اسکول بند ہیں، اسپتالوں میں بستروں کی کمی کے پیشِ نظر محکمہ صحت نے زیادہ عمر والے افراد کو آئی سی یو میں نہ رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔


متعلقہ خبریں