پاکستان میں کورونا کا ایک اور کیس، مجموعی تعداد 21 ہوگئی


کراچی: سندھ میں کورونا وائرس کا ایک اور کیس منظر عام پر آگیا۔

صوبائی محکمہ صحت کے مطابق 52 سالہ شخص دو روز قبل اسلام آباد سے کراچی پہنچا تھا۔

سندھ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 15 ہوگئی ہے۔

محکمہ صحت سندھ اب تک مجموعی طور پر 251 افراد کے ٹیسٹ کرچکا ہے جن میں سے 236 افراد کے ٹیسٹ کے نتائج منفی جبکہ 15 کے مثبت آئے ہیں۔

اس وقت شہر کے مختلف اسپتالوں میں 13 افراد زیر علاج ہیں جن کی حالت بہتر ہورہی ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق دو افراد کو صحت یابی کے بعد ڈسچارج کیا جاچکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کینیڈین وزیراعظم کی اہلیہ سمیت کئی نامور شخصیات کورونا وائرس کی شکار

دنیا بھر میں 127 ممالک کو متاثر کرنے والے کورونا وائرس کے پاکستان میں اب تک 21 کیسز منظر عام پر آچکے ہیں۔

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کورونا وائرس کو عالمی وبا قرار دے چکا ہے جس کے باعث دنیا بھر میں تقریباً 5000 ہزار افراد موت کی وادی میں سوچکے ہیں۔

چین میں تین ہزار ایک سو انہتر افراد چل بسے، ایران میں چار سو انتیس، اسپین میں چھیاسی، جنوبی کوریا میں چھیاسٹھ، اور فرانس میں اڑتالیس افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

امریکہ میں چالیس، اور برطانیہ میں آٹھ افراد ہلاک ہوگئے، بھارت میں بھی کورونا وائرس سے ایک ہلاکت کی تصدیق ہوچکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:کورونا وائرس کو عالمی وبا قرار دے دیا گیا

اٹلی میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور چوبیس گھنٹوں کے دوران اس وائرس کے کیسز کی تعداد میں23 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اٹلی میں ایک سو نواسی افراد کی ہلاکت کے ساتھ  مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار سولہ ہوگئی ہے۔

ایک پاکستانی شہری بھی اٹلی میں ہلاک ہوا ہے۔ اٹلی میں دکانیں اور اسکول بند ہیں، اسپتالوں میں بستروں کی کمی کے پیشِ نظر محکمہ صحت نے زیادہ عمر والے افراد کو آئی سی یو میں نہ رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔

بھارت میں بھی ایک 76 سالہ شخص کورونا وائرس سے ہلاک ہوگیا جس کی تصدیق وہاں کے حکام نے کردی ہے۔

 


متعلقہ خبریں