خیبرپختونخوا: بارشوں کے نئے سلسلے کے دوران 11 افراد جاں بحق


پشاور: خیبرپختونخوا میں بارشوں کے نئے سلسلے کے دوران 11 افراد جاں بحق جبکہ 17 زخمی ہوئے ہوگئے۔

صوبائی ڈزاسٹر منجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق 58 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ چار مکانات  مکمل  تباہ ہوئے۔

حکام کے مطابق متاثرہ اضلاع میں امدادی کاروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع

پی ڈی ایم اے کے مطابق ٹانک میں سیلاب سے متاثرہ 8 خاندانوں میں امدادی سامان تقسیم کیا گیا جبکہ تمام اضلاع کی انتظامیہ متاثرین کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے۔

پی ڈی ایم اے کا مزید کہنا تھا کہ تمام اضلاع کو پیشگی حفاظتی اقدامات کی ہدایات جاری کی گئی تھی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم خشک رہے گا تاہم اسلام آباد، بالائی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اورکشمیرمیں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

اسلام آباد میں آج بھی بادل چھائے ہوئے ہیں اور بارش کے سبب خنکی مزید بڑھ گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

یہ بھی جانیں: خیبرپختونخوا: حالیہ بارشوں میں نو افراد جاں بحق

آج پنجاب کے اضلاع راولپنڈی، چکوال، جہلم، میانوالی، اٹک، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، گجرات، منڈی بہاؤالدین، لاہور، سرگودھا، ساہیوال، بھکر، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور بہاولنگر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا تاہم ایبٹ آباد، مانسہرہ، دیر، کوہستان، بونیراورسوات میں بارش اورپہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے۔

آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش اوربلند پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ صوبہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ کوئٹہ، زیارت اور قلات میں سرد رہے گا۔

گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر، ژوب کے اضلاع اور اسلام آباد میں  گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔


متعلقہ خبریں