کورونا وائرس ٹیسٹ کیلئے کین رچرڈسن وطن واپس روانہ


آسٹریلوی فاسٹ بولر کین رچرڈسن کورونا وائرس ٹیسٹ کے لیے نیوزی لینڈ سے وطن واپس روانہ ہوگئے ہیں۔

کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق کین رچرڈسن کی جگہ شون ایبٹ کو کیویز کے خلاف اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

29 سالہ فاسٹ بولر نے جمعرات کی رات گلے میں تکلیف کی شکایت کی تھی جس کے بعد انہیں فوری طور پر وطن واپس بھیج دیا گیا جہاں ان کے ٹیسٹ ہوئے۔

کرکٹ آسٹریلیا کے اعلامیے میں کہا گیا کہ ہمارا میڈیکل اسٹاف معاملے کا عام کیس کی طرح ہی علاج کرررہا ہے تاہم آسٹریلوی حکومت کی جانب سے جاری تمام پروٹولز کو فالو کیا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کینیڈین وزیراعظم کی اہلیہ سمیت کئی نامور شخصیات کورونا وائرس کی شکار

اعلامیے میں کہا گیا کہ کین رچرڈسن کو اسکواڈ سے الگ کردیا گیا ہے اور انہیں ٹیسٹ کے لیے واپس بلالیا گیا ہے۔

دنیا بھر میں 127 ممالک کو متاثر کرنے والے کورونا وائرس کے پاکستان میں بھی اب تک 21 کیسز منظر عام پر آچکے ہیں۔

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کورونا وائرس کو عالمی وبا قرار دے چکا ہے جس کے باعث دنیا بھر میں تقریباً 5000 ہزار افراد موت کی وادی میں سوچکے ہیں۔

چین میں تین ہزار ایک سو انہتر افراد چل بسے، ایران میں چار سو انتیس، اسپین میں چھیاسی، جنوبی کوریا میں چھیاسٹھ، اور فرانس میں اڑتالیس افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

امریکہ میں چالیس، اور برطانیہ میں آٹھ افراد ہلاک ہوگئے، بھارت میں بھی کورونا وائرس سے ایک ہلاکت کی تصدیق ہوچکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:کورونا وائرس کو عالمی وبا قرار دے دیا گیا

اٹلی میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور چوبیس گھنٹوں کے دوران اس وائرس کے کیسز کی تعداد میں23 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اٹلی میں ایک سو نواسی افراد کی ہلاکت کے ساتھ  مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار سولہ ہوگئی ہے۔

ایک پاکستانی شہری بھی اٹلی میں ہلاک ہوا ہے۔ اٹلی میں دکانیں اور اسکول بند ہیں، اسپتالوں میں بستروں کی کمی کے پیشِ نظر محکمہ صحت نے زیادہ عمر والے افراد کو آئی سی یو میں نہ رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔

بھارت میں بھی ایک 76 سالہ شخص کورونا وائرس سے ہلاک ہوگیا جس کی تصدیق وہاں کے حکام نے کردی ہے۔

 


متعلقہ خبریں