کورونا کا خطرہ، گلگت بلتستان کے تعلیمی ادارے یکم اپریل تک بند رہیں گے


گلگت: کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے گلگت بلتستان کے تعلیمی ادارے یکم اپریل تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس ضمن میں چھٹیوں کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

نوٹیفیکیشن میں تحریر کیا گیا ہے کہ قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی سمیت تمام تعلیمی ادارے 16 مارچ سے 31 مارچ تک بند رہیں گے۔

16 مارچ سے 31 مارچ کے دورانیے میں ہونے والے تمام امتحانات بھی منسوخ کر دیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا کے تعلیمی ادارے 15 روز کیلئے بند کرنے کا فیصلہ

ترجمان گلگت بلتستان فیض اللہ فراق کا اس بابت کہنا ہے کہ گلگت بلتستان میں حکومتی و نجی تعلیمی ادارے 31 مارچ تک بند رہیں گے۔

فیض اللہ فراق نے یہ بھی کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کےخدشات کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

قبل ازیں خیبرپختونخوا کے تعلیمی ادارے بھی 15 روز کے لیے بند کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کیا گیا۔

یہ فیصلہ خیبرپختونخوا کابینہ کے اجلاس کے دوران ہوا جس کے مطابق تمام ہاسٹلز بھی بند رہیں گے جبکہ تمام فیسٹیول اور جیلوں میں ملاقاتیں معطل کرنے کا بھی فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

سرکاری حکام کے مطابق سیاسی اور پبلک اجتماعات پر پابندی اور وزیراعلیٰ محمود خان کا جلسہ سوات معطل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

حکام نے بتایا کہ عوام سے شادی بیاہ اور دیگر تقریبات کم کرنے کی ہدایت کی جائے گی جبکہ طورخم بارڈ سے متعلق فیصلہ وزیراعظم کی زیر صدارت سیکورٹی کمیٹی کے اجلاس میں کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا: سندھ میں تعلیمی ادارے 30 مئی تک بند کرنے کا فیصلہ

گزشتہ روز وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرصدارت اہم اجلاس کے دوران صوبے میں تعلیمی ادارے 30 مئی تک بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

تعلیمی ادارے 30 مئی تک بند کرنے کے ساتھ ہی نویں اور دسویں جماعتوں کے امتحانات بھی منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں