ٹڈاپ اسکینڈل: یوسف رضا گیلانی سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد


اسلام آباد: وفاقی اینٹی کرپشن کورٹ (انسداد بدعنوانی کی عدالت) نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سمیت دیگر ملزمان پر ٹڈاپ اسکینڈل میں فرد جرم عائد کردی۔

جمعرات کو سماعت کے دوران یوسف رضاگیلانی سمیت دیگر ملزمان نے صحت جرم سے انکارکردیا۔ جس کے بعد انسداد بدعنوانی عدالت نے 16 اپریل کو استغاثہ کے گواہوں کو طلب کرتے ہوئےسماعت ملتوی کردی۔

وفاقی اینٹی کرپشن کورٹ کے جج نے فرد جرم پڑھ کر سنائی اور یوسف رضاگیلانی سے استفسار کیا کہ آپ ان الزامات پر کیا کہیں گے؟ سابق وزیراعظم نے کہا کہ یہ الزامات جھوٹے ہیں، وہ ان کی صحت سے انکار کرتے ہیں۔

ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹڈاپ) اسکینڈل میں سابق وزیراعظم سمیت دیگر پر اختیارات کے ناجائز استعمال اور جعلی کمپنیوں کو اربوں روپے فائدہ پہنچانے کا الزام ہے۔ پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما پر 49 لاکھ روپے رشوت لینے کا بھی الزام ہے۔

چار برسوں میں ٹڈاپ اسکینڈل سے متعلق 26 مقدمات میں ملزمان پر فرد جرم عائد نہیں کی جاسکی تھی۔ گذشتہ سماعت پر وفاقی اینٹی کرپشن کورٹ کے جج نے تمام ملزمان کو پیش ہونے کی ہدایت کی تھی۔

2012 میں منظر عام پر آنے والے ٹڈاپ اسکینڈل میں یوسف رضا گیلانی سمیت دیگر 26 ملزمان کے خلاف مقدمات قائم ہیں۔ ان میں طارق اقبال پوری ،عبدالکریم داؤد پوتا، محمد زبیر، عدنان زمان، مرچومل، یونس رضوانی، جاوید انور، نجم الحق، مرزا کریم بیگ، سہیل محمود، فرحان احمد اور عاصم رضوانی شامل ہیں۔

میاں طارق، اختر محمود، مہر ہارون رشید، اللہ داد اور دیگراشتہاری قرار دیئے گئے ہیں۔

یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو اب احساس ہوا ہے کہ ان کی غلطی تھی۔ وزیراعظم کی چیف جسٹس سے ملاقات پر لوگ باتیں کررہے ہیں۔

انہوں نے یاد دلایا کہ اپنے دور وزارت عظمیٰ میں ایک مرتبہ چیف جسٹس کے عشائیے میں شریک ہوا تھا جس کی خبر نشر اور شائع ہوئی تھی۔


متعلقہ خبریں