پلے آف راؤنڈ ختم، پی ایس ایل کا فائنل 18 مارچ ہو گا


لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) نے پی ایس ایل کا پلے آف راونڈ ختم کر دیا۔

ترجمان پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل کا فائنل اب 22 مارچ کی بجائے 18 مارچ کو شام 7 بجے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔

پہلے سیمی فائنل میں پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ٹیم چوتھے نمبر پر آنیوالی ٹیم سے مدمقابل ہو گی جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر آنیوالی ٹیم کا مقابلہ نمبر تھری سے ہوگا۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل کے غیر ملکی کھلاڑیوں نے واپسی کی سیٹیں بک کرالیں

ترجمان پی سی بی کےمطابق دونوں سیمی فائنل مقابلے سترہ مارچ کو شیڈول کیے گئے ہیں،  پہلا سیمی فائنل دوپہر دوبجے اور دوسرا شام 7 بجے بمقام قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔

ترجمان نے بتایا ہے کہ شیڈول میں تبدیلی تمام ٹیموں کےمالکان کی رضا مندی سے کی گئی ہے اور  کورونا وائرس سے بچاو کے لیے حکومتِ پنجاب سے مسلسل رابطے میں ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ قذافی اسٹیڈیم میں شیڈول آئندہ چاروں میچوں میں تماشائیوں کی شرکت کے بارے میں بھی مقامی حکومت کی سفارش پر عمل کیا جائے گا جس کے بعد حتمی اعلان جلد کردیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں