حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے 20 لاکھ سے زائد لوگ بیروزگار ہو چکے ہیں، رانا ثناءاللہ



لاہور: مسلم لیگ ن  پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے 20 لاکھ سے زائد لوگ بیروزگار ہو چکے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کے کاروبار نہیں رہے جو کروڑوں روپے کی فیکٹری لگا کر بیٹھا ہے وہ بھی مسائل کا شکار ہے جبکہ ریڑھی لگانے والا بھی پریشان حال ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مضصوص ایجنڈے کے تحت پراپیگنڈہ کیا گیا جو کنٹینر سے شروع ہوا اور الیکشن تک چلایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کی امریکی، برطانوی اسٹیبلشمنٹ سے ملاقات کی تردید نہیں کروں گا، رانا ثناءاللہ

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس دوران جھوٹ بولا گیا اور بدزبانی کا کلچر پھیلایا گیا، کہا گیا ہماری حکومت آئی گی اور سو دنوں میں ملک ٹھیک کردے گی۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ایک صاحب کہتے تھے، عمران خان آئے گی اور سب کی فائلیں منگوائے گی اور پھر ملک کا قرضہ اتارے گی پھر انہوں نے حکومت میں آکر کمیشن بنایا کہ پتہ کیا جائے قرضہ کہاں گیا لیکن اس کمیشن کی ابھی تک رپورٹ نہیں آئی، کہا گیا سو دنوں میں ملک وقوم کے تمام مسئلے حل ہوجائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جب سو دن مکمل ہوئے تو کہا گیا کہ ہمیں پتہ ہی نہیں تھا اتنے مسائل ہیں، پھر کہا گیا ایک سال دیا جائے، یہ پونے دوسالوں میں کوئی منصوبہ نہیں شروع کرسکے اور جو چل رہے تھے اوروہ بھی مکمل نہیں ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ لوگ بیروزگار ہورہے ہیں اور کاروبار تباہ ہورہے ہیں، اکانومی کی سوجھ بوجھ رکھنے والے کہتے ہیں اس حکومت نے اگر یہی پالیسیاں چھ ماہ مزید جاری رکھیں تو ملک کا خدا بخواستہ سنبھلنا بھی مشکل ہوجائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ووٹ کو عزت دو کا مطلب یہ نہیں کہ ووٹ ہمیں دو، اسکا مطلب ہے ووٹ جس کو دیا جائے اس کے فیصلے کو تسلیم کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی استحکام کسی صورت نہیں آسکتا جب تک ملک میں انصاف نہ ہو، سیاسی مخالفین پر ایسے جھوٹے مقدمات بنائے جارہے ہیں جن کو وہ خود بھی ڈیفنڈ نہیں کرسکتے، ہرآواز دبانے کی کوشش کی جارہی ہے۔


متعلقہ خبریں