بلوچستان: کارکنوں کی بڑی تعداد پیپلز پارٹی میں شامل


کوئٹہ: بلوچستان بھر سے سیاسی کارکنوں اور رہنماؤں کی ایک بڑی تعداد نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔ پیپلز پارٹی میں شامل ہونے والوں میں پاکستان تحریک انصاف و دیگر سیاسی جماعتوں کے کارکن اور رہنما بھی شامل ہیں۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کوئٹہ کے شمولیتی جلسے کے شرکاء سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج میں بلوچستان کے بہادر بھائیوں سے مخاطب ہوں جو ہمیشہ پی پی پی کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان والے بھٹو شہید سے بی بی شہید اور صدر زرداری سے اب تک ہمارا ساتھ دے رہے ہیں۔ میں بلوچستان تنظیم اور بالخصوص روزی خان کاکڑ کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ وہ بھٹو ازم کے پیغام کو گھر گھر پھیلارہے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میں پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہونے والے لوگوں کو خوش آمدید کہنا چاہتا ہوں۔ پاکستان پیپلزپارٹی کا حصہ بننے اور شمولیت اختیار کرنے والوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میں نورالدین کاکڑ اور ان کے ساتھیوں کو پی پی پی میں شمولیت پر کا خیر مقدم کرتا ہوں۔ میں نے سینئر قیادت سے مولا بخش چانڈیو کو آپ کے پاس بھیجا ہے کہ وہ میرا پیغام آپ کو دے سکیں۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کا دور اب شروع ہونے والا ہے۔ ہم نے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے مشن کو مکمل کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک طرف عوام کورونا وائرس کی وجہ سے پریشانی سے دوچار ہیں اور دوسری جانب وفاقی کٹھ پتلی حکومت کو کوئی دلچسپی نہیں کہ وہ عوام کے مسائل حل کرے۔وفاقی حکومت کی واحد دلچسپی اپنے کٹھ پتلی راج کو برقرار رکھنا ہے۔

بلاول بھٹو  نے کہا کہ وفاقی حکومت کی واحد دلچسپی نیب کو استعمال کر کے اپنے سیاسی مخالفین  اور میڈیا مالکان کو گرفتار کرانا ہے۔ وفاقی حکومت کی واحد دلچسپی ہماری آواز کو دبا کر ہماری جدوجہد کو روکنا ہے۔

مزید پڑھیں: بلاول، ن لیگی رہنماؤں کی ملاقات کی اندرونی کہانی

انہوں نے کہا کہ ہماری آواز کو دبانے اور جدوجہد کو روکنے کی کوشش پی ٹی آئی حکومت کی بھول ہے۔ ہم ایوب، ضیا اور مشرف کی آمریت سے نہیں ڈرے، یہ کٹھ پتلی تو کوئی چیز نہیں ہے۔ انشاء اللہ تعالٰی پاکستان پیپلزپارٹی کے جیالے اس کٹھ پتلی کو گھر بھیج دیں گے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے جیالے عوامی حکومت بنائیں گے۔ میں جلد بلوچستان آرہا ہوں، میں آپ کے ساتھ کھڑا ہوکر آپ کے مسائل کو وفاق کے سامنے رکھوں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ کی محنت کی وجہ سے پی پی پی نہ صرف بلوچستان بلکہ ملک بھر میں حکومت بنائے گی۔ ہم ایک عوامی حکومت بنائیں گے جو غریب کی خدمت کرے گی۔

چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پی پی پی وہ جماعت ہے کہ جس نے بلوچستان کو سب سے زیادہ حقوق دیے۔ پاکستان پیپلزپارٹی نے بلوچستان کے عوام کو سب سے زیادہ وسائل دیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا جس سے آج تک خواتین کو مالی مدد مل رہی ہے۔ ہمیں آئندہ موقع ملا تو ہمیشہ کی طرح عوام کے معاشی حقوق کی جدوجہد کریں گے۔

بلاول بھٹو شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ہمیں غریب عوام کی خدمت کرنا سکھایا ہے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو اس ملک کے غریب عوام کے لیے آواز بنے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے بڑے زمین داروں سے زمین لے کر غریبوں کو دلوائی۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے مزدوروں کو صنعتوں کا مالک بنایا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اگر آپ نے ہمیں موقع دیا تو ہم پھر ایسا نظام بنائیں گے کہ غریب ملکی معیشت اور سیاست کے فیصلے کریں۔ پاکستان کے غریب عوام اس ملک کے حقیقی وارث ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ بلوچستان والو آپ نے میری آواز بننا ہے، آپ نے میرے بازو بننا ہے۔ بلوچستان کے کارکنو آپ نے شہروں، گلیوں اور ہر جگہ میرا پیغام پہنچانا ہے۔بلوچستان کے کارکنو آپ نے عوام کو یاد دلانا ہے کہ اگر روزگار ملا ہے تو وہ پی پی پی دور میں ملا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ نے عوام کو یاد دلانا ہے کہ اگر تنخواہوں میں اضافہ ہوا ہے تو وہ پی پی پی دور میں ہوا ہے۔ آپ نے عوام کو یاد دلانا ہے کہ اگر پنشن میں اضافہ ہوا ہے تو وہ پی پی پی دور میں ہوا ہے۔ اگر روزگار، تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ چاہیے تو ایک بار پھر عوامی حکومت بنانا ہوگی۔


متعلقہ خبریں