اسلام آباد مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاکتیں، تحقیقاتی ٹیم تشکیل


اسلام آباد: اسلام آباد کے علاقے سیکٹر آئی ایٹ میں گزشتہ دنوں مبینہ پولیس مقابلے میں دو فراد کی ہلاکت کی تحقیقات کے لیے وفاقی پولیس نے ٹیم تشکیل دے دی ہے۔

ذرائع کے مطابق پولیس کی جانب سے تشکیل دی گئی تحقیقاتی ٹیم  میں وفاقی پولیس کے سینئر افسران اور واقع میں جاں بحق ہونے والے دو افراد کے لواحقین شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق پولیس کی جانب سے ایس پی زبیر شیخ، ایس پی فدا ستی و دیگر شامل ہوں گے، جبکہ لواحقین میں مظہر ستی،عمر اور فیصل ستی شامل ہوں گے۔ تحقیقاتی ٹیم اپنی رپورٹ ڈی آئی جی اسلام آباد پولیس کو پیش کرے گی۔

خیال رہے کہ اسلام آباد کے علاقے سیکٹر آئی ایٹ میں 6 روز قبل پیش آنے والے پولیس مقابلے کا اس وقت ڈراپ سین ہوگیا تھا، جب پولیس فائرنگ سے زخمی ہونے والے دو شہریوں نے بیان دیا تھا کہ پولیس کی فائرنگ سے ان کے دو ساتھی جاں بحق ہوئے تھے۔

اپنے بیان میں زخمی شہریوں کا کہنا  تھا کہ وہ اسلام آباد کے شفا اسپتال سے فیض آباد کی طرف جارہے تھے کہ ڈاکوؤں نے کیری ڈبہ میں بیٹھ کر 8 افراد کو یرغمال بنا لیا۔ اس دوران تعاقب کرنے والی پولیس پارٹی نے کیری ڈبہ پر فائرنگ کردی،جس کے نتیجے میں ان کے دو ساتھی جاں بحق ہوئے۔

مزید پڑھیں: لاہور میں رواں سال کی ڈکیتی کی سب سے بڑی واردات

ہم نیوز کی جانب سے  رابطہ کرنے پر پولیس سپرنٹنڈنٹ ذبیر شیخ نے کہا تھا کہ معاملے کی مکمل اور شفاف انکوائری کرائیں گے اور پولیس اہلکار ملوث پائے گئے تو ان کے خیلاف کارروائی کریں گے۔

خیال رہے کہ 7 مارچ کو اسلام آباد کے سیکٹر آئی ایٹ میں ڈکیتی کی واردات کے دوران مقابلے پولیس نے ایک ڈاکو کو مارنے کا دعویٰ کیا تھا۔ پولیس کے مطابق واردات کے بعد ڈاکوؤں فرار ہوئے تو پولیس نے پیچھا کر کے فائرنگ کردی تھی اور ایک ڈاکو مارا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں