ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی، گھر سے 45 ہزار فیس ماسک برآمد


لاہور: لاہور انتظامیہ نے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی تیز کرتے ہوئے ایک گھر سے 45 ہزار فیس ماسک برآمد کرلیے ہیں۔

اسسٹنٹ کمشنر کینٹ مرضیہ سلیم کے مطابق  انتظامیہ کی جانب سے چھاپے کے دوران پیراگون سٹی میں ایک گھر سے ماسک کا بڑا اسٹاک برآمد کیا گیا۔

اے سی کینٹ کے مطابق تمام ماسک بلیک کر کے مہنگے داموں فروخت کیے جانے تھے۔ خفیہ اطلاع پر ذخیرہ اندوزی کےخلاف بڑی کارروائی کی گئی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا پر ماسک اسمگل کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: اے ایس ایف نے ماسکوں کی اسمگلنگ ناکام بنادی

ڈاکٹر ظفرمرزا پر الزام لگایا گیا تھا کہ انہوں نے  ڈریپ کے ڈپٹی ڈائریکٹر غضنفر علی کی ملی بھگت سے 20 ملین فیس ماسک بیرون ملک سمگل کروائے ہیں۔

ذرائع کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ایجنسی(ایف آئی اے) نے ینگ فارمسٹ ایسوسی ایشن کی شکایت پر کارروائی شروع کردی ہے۔

ذرائع کے مطابق ایف آئی اے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل نے ڈائریکٹر نارتھ اسلام آباد سے 15 دن کے اندر رپورٹ طلب کرلی ہے۔


متعلقہ خبریں