کینیڈا میں مسجد پر حملے کے ملزم نے اعتراف جرم کرلیا


اوٹاوا: کینیڈا کے علاقے کیوبیک میں مقامی مسجد اور اس سے ملحق اسلامک کلچرل سنیٹر پرحملہ کرنے والے ملزم نے اعتراف جرم کرلیا۔

کینیڈین میڈیا کے مطابق 28 سالہ الیگزینڈر بسسنٹ نے بدھ کو کمرہ عدالت میں اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے درخواست کی کہ ”میں اپنے کیے پر شرمندہ اورمعافی طلب کرتا ہوں۔”

مجرم نے اپنا تحریری بیان پڑھتے ہوئے کہا کہ ”میں جانتا ہوں میرا کام ناقابل معافی ہے لیکن پھر بھی اپنی حرکت کے باعث ہونے والے نقصان اور تکلیف پر متاثرین سے معافی چاہتا ہوں۔”

بسسنٹ کو گزشتہ برس 29 جنوری کو کینیڈا کے صوبے کیوبیک کی ایک مسجد پرحملے کے الزام میں گرفتارکیا گیا تھا۔ اس افسوسناک واقعے میں چھ افراد جاں بحق جب کہ پانچ شدید زخمی ہوگئے تھے۔

سفید فام نوجوان کی جانب سے دہشت گرد حملہ اس وقت کیا گیا تھا جب وہاں موجود مسلمان نمازمغرب کے ادائیگی میں مصروف تھے۔

کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے حملے کو دہشت گردی کی کارروائی قرار دیا تھا۔ الیگزینڈربسسنٹ پرمقدمے میں دہشت گردی کی دفعات شامل نہیں کی گئیں تھیں۔

کینیڈا کے ایک مقامی اخبار نے بھی اعتراف جرم کی تصدیق کی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ الیگزینڈر نے اپنے عمل پر شرمندگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ خاصے عرصے سے ایسا کرنے کا سوچ رہا تھا۔


متعلقہ خبریں