کورونا کا خوف، اسلام آباد یونائیٹڈ کے چار کھلاڑیوں کا وطن واپسی کا فیصلہ


اسلام آباد: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ کے اسکواڈ میں شامل 4 کھلاڑیوں اور ایک اسپورٹ اسٹاف رکن نے وطن واپسی کا فیصلہ کر لیا۔

ترجمان پی سی بی کے مطابق بورڈ اسلام آباد یونائیٹڈ کے 4 کھلاڑیوں کی بحفاظت واپسی کے لیے تمام سہولیات فراہم کرے گا۔

اسکواڈ سے دستبردار ہونے والے کھلاڑیوں میں کولن منرو، ڈیل اسٹین، ڈیوڈ ملان اور لیوک رونکی شامل ہیں جبکہ ٹرینر کورے روٹگئیرز کی بھی واپسی ہوگی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کو اپنا آخری گروپ میچ 14 مارچ کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کراچی کنگز کے خلاف کھیلنا ہے۔

واضح رہے اس سے قبل   پشاور زلمی کے لیونگسٹن، ڈاؤ سن، کارلوس بریتھ ویٹ، گریگری اور ٹام بینٹن وطن واپس جا چکے ہیں۔

ملتان سلطان کے جیمز ونس اور رائلی روسو جبکہ کراچی کنگز کے ایلیکس ہیلز اور ڈیل پورٹ کی بھی وطن روانگی ہوچکی ہے۔

مزید جانیں: سندھ حکومت کا پی ایس ایل کے میچز خالی اسٹیڈیم میں کرانے کا فیصلہ

دوسری جانب ترجمان لاہور قلندرز نے واضح کیا ہے کہ لاہور قلندرز کے تمام غیر ملکی کھلاڑی پاکستان میں پی ایس ایل کے میچز کھیلیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ تمام غیر ملکی کھلاڑی ٹیم کے ساتھ اور وہ واپس نہیں جارہے۔

گزشتہ روز وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے جمعہ سے پی ایس ایل کے میچز خالی اسٹیڈیم میں کرانے کا فیصلہ کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم میچز کروا رہے ہیں تاہم مزید رسک نہیں لےسکتے۔ اسٹیڈیم میں میچ ہوں گے لیکن شائقین کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

اس ضمن میں ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے اپنی ٹوئٹ میں کہا ہے کہ پی ایس ایل کے بقیہ میچز بغیر تماشائیوں کے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ پی سی بی سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز سےمشاورت کےبعد کیا گیا۔


متعلقہ خبریں