پاکستان پیپلزپارٹی کے بانی رہنما ڈاکٹر مبشر حسن انتقال کر گئے

پاکستان پیپلزپارٹی کے بانی رہنما ڈاکٹر مبشر حسن انتقال کر گئے

فائل فوٹو


لاہور: پاکستان پیپلزپارٹی کے بانی رہنما ڈاکٹر مبشر حسن انتقال کرگئے ہیں۔

مبشر حسن کو طبیعت ناساز ہونے پر آج اسپتال منتقل کیا گیا تھا تاہم وہ جاںبر نہ ہو سکے۔ ذوالفقارعلی بھٹو نے مبشر حسن کے گھر پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھی تھی۔

ڈاکٹر مبشر حسن کی عمر 98 برس تھی اور وہ ذوالفقارعلی بھٹو کے قریبی ساتھی اور پی پی کے بانی رہنمائوں میں سے تھے۔ 1967 ء میں ذوالفقار علی بھٹو نے مبشر حسن کے گھر پر ہی پارٹی کی بنیاد رکھی اور  بھٹو کی حکومت میں وزیر خزانہ بھی رہے۔

سینیئر ترین رہنما کے انتقال پرپیپلزپارٹی کی قیادت نے اظہار کیا ہے۔ پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ڈاکٹر مبشر حسن کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قوم آج ایک بہت بڑے مدبر سیاسی رہنما سے محروم ہو گئی۔

ڈاکٹر مبشر حسن پاکستان میں بائیں بازو کی توانا آواز تھے اور وہ قائدعوام کے دستِ راست، ساتھی اور ہمارے بزرگ تھے۔

بلاول کا کہنا تھا کہ ان کے انتقال پر پیپلز پارٹی کی قیادت و کارکنان دکھی ہیں۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنی جوار رحمت میں درجات اور تمام سوگواران کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر قمرزمان کائرہ نے کہا کہ ڈاکٹر مبشر حسن پسے ہوئے طبقات کی آواز بنے اورعوامی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما چوہدری منظور حسین نے کہا کہ ڈاکٹر مبشر حسن، ذولفقارعلی بھٹو کے سچے کامریڈ تھے۔


متعلقہ خبریں