پاکستان میں سائبر اسکاؤٹس کی موجودگی ناگزیر، ناصر جنجوعہ


اسلام آباد: مشیر قومی سلامتی جنرل (ر) ناصر جنجوعہ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سائبراسکاؤٹس اور گرلز اسکاؤٹس کی موجودگی ناگزیر ہو چکی ہے۔

انٹرنیٹ سے متعلق جرائم یا سائبر کرائمزکے موضوع پر سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی کی ترقی کے ساتھ اس سے جڑے سیکیورٹی خدشات بھی بڑھ رہے ہیں۔

ناصر جنجوعہ نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں انٹرنیٹ کی دنیا سے متعلق مسائل کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار رہنا ہوگا۔

قومی سلامتی کے مشیر نے کہا کہ ہمیں سائبر حملوں سے بچنے کے لئے مکمل تیاری کرنا ہوگی۔ سائبر حملوں سے اسٹریٹیجک یا تزویراتی اثاثوں کو بچانا پاکستان کے لئے اشد ضروری ہے۔

موضوع کی اہمیت کے پیش نظر لازمی کاموں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سائبر جرائم سے بچنے کے لیے قومی سطح پراقدامات کرنے ہوں گے۔

دنیا بھر میں انٹرنیٹ استعمال کرنے والے بڑے ممالک میں سے ایک ہونے کے ناطے پاکستان میں سائبرقوانین کی تیاری اور ان پر عملدرآمد کا کام جاری ہے۔


متعلقہ خبریں