کورونا وائرس: احتیاطی تدابیر اسلامی تعلیمات کے منافی نہیں، مفتی تقی عثمانی


کراچی: مفتی تقی عثمانی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا توکل اور اسلام تعلیمات کے منافی نہیں۔

اپنے ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ بڑے اجتماعات، شادی بیاہ اور دیگر تقریبات جہاں کورونا وائرس پھیلنے کا خطرہ زیادہ ہے انہیں مؤخر یا مختصر کر دیے جائیں۔

ویڈیو پیغام میں مفتی عثمانی کا کہنا ہے کہ آج کل دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وبا کا تذکرہ ہے اور یہ وبا پوری دنیا میں پھیلی ہوئی ہے اورمزید  پھیل رہی ہے اور اس کو روکنے اور بچنے کے لیےاحتیاطی تدابیر اختیار کرنا بہت ٖضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ بعض حضرات یہ سمجھتے ہیں کہ یہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے میں توکل کی خلاف ورزی ہوتی ہے، یہ بات صحیح نہیں ہے۔ خود رسول کریم ﷺ نے حکم دیا ہے کہ ایسے موقع پر ایسی احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔

مفتی تقی عثمانی کا کہنا ہے کہ رسول کریمﷺ نے طاعون کے بارے میں یہ فرمایا تھا کہ  کسی جگہ طاعون پھیلے تو باہر کے لوگ اندر نہ جائیں اور اندر کے لوگ باہر نہ آئیں۔ اس قسم کی احتیاطی تدابیر اختیار کرنا شریعت کا بھی عین تقاضا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس موضوع پر ہماری حکومت اور محکمہ صحت کی طرف سے  جو ہدایات دی جارہی ہیں ان ہدایات کی پابندی نہ صرف مناسب ہے بلکہ شرعی اعتبار سے بھی ضروری ہے۔ اگر حاکم وقت کسی مصلحیت کی خاطر کسی بات کا حکم دے تو سب پر اس کی تعمیل اور پابندی لازمی ہوجاتی ہے۔

ویڈیو پیغام میں مفتی تقی عثمانی نے کہا ہے کہ خاص طور جہاں پر بڑے اجتماعات، شادی بیاہ وغیرہ جس میں اس وائرس کے پھیلنے کا خطرہ زیادہ رہتا ہے، انہیں منعقد نہ کیے جائیں یا مؤخر کیے جائیں۔ ان حالات کے اندر شادی بیاہ کی تقریبات یا تو مؤخر کیے جائیں یا انتہائی اختصار کے ساتھ کیے جائیں۔

ان کا کہنا ہے کہ جمعہ اور جماعتوں کے اندر بھی اس بات کا خیال رکھا جائے کہ سنتیں آدمی گھر میں بڑھ کر آئے۔  نماز کے بعد کی سنتیں آدمی مسجد کے بجائے گھر جاکر پرھے۔ گھر کے اندر سنتیں پرھنے کا ثواب زیادہ ہے اور یہ زیادہ افضل ہے۔

مفتی تقی عثمانی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ نمازی وضو بھی گھر سے کر کے آئیں۔ آئمہ حضرات بھی نماز جمعہ اور دوسری نمازوں میں اختصار سے کام لیں۔ کیونکہ ضرورت کے وقت میں مختصر قرآت ہی بہتر ہے۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس : چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے دی

مزہبی رہنما نے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے دی گئی ہدایات  پر عمل کریں اور محکمہ صحت اگر مصافہ کرنے سے گریز کرنے کی ہدایات جاری کرے تو اس پر عمل کرنا چاہیے۔

مفتی تتقی عثمانی کا کہنا ہے کہ ایسے سارے کام جو فرض اور واجب نہیں ہیں ان کو اس وبا کے سلسلے میں چھوڑنے میں کوئی مضائقہ نہیں ہے اور اس کا بہت اہتمام کرنا چاہیے۔ کیونکہ یہ اپنے آپ کو اور اپنے ہم وطنوں کو بھی وبا سے بچانے کا ایک طریقہ ہے جو رسول کی ہدایات کے عین مطابق ہے، اس پر عمل کرنا چاہیے۔

 


متعلقہ خبریں