لین کی شاندار سنچری، قلندرز سیمی فائنلز میں


اسلام آباد: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن فائیو کے 29 ویں میچ میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے اہم میچ میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کی جانب سے دیا گیا 187 رنز کا ہدف کرس لین کی شاندار سنچری کی بدولت 18 ویں اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

قلنرز کی جانب سے کرس لین 52 گیندوں 100 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے، ان کےعلاوہ فخر زمان 57 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

اس سے قبل لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کے خلاف فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز بنائے،  خوش دل شاہ 70 رنز، کپتان شان مسعود 42،روی بوپارا  33 اور  24 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

لاہور کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور ڈیوڈ ویزے نے 2،2 وکٹیں جبکہ محمد حفیظ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس جیت کے ساتھ لاہور قلندرز نے پاکستان سپر لیگ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

ٹاس جیتنے کے بعد لاپور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے کہا کہ منصوبہ بندی کے مطابق کھیلنے کی کوشش کریں گے اور ملتان سلطانز کو مشکل وقت دیں گے۔

ملتان سلطانز کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ ہم ٹاس جیت کر بھی بیٹنگ کا فیصلہ ہی کرتے، میچ جیتنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔

پی ایس ایل میں آخری دو پول میچز آج کھیلے جا رہے ہیں۔ پی ایس ایل کی ٹیموں کی سیمی فائنل میں جگہ بنانے کی سر توڑ کوششیں جاری ہیں۔

پی ایس ایل فائیو میں پہلا میچ دوپہر دو بجے ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کے درمیان شروع ہوا جو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں جاری ہے۔ لاہور قلندرز 4 میچ میں کامیابی کے بعد 7 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر موجود ہے جبکہ ملتان سلطانز 14 پوائنٹس حاصل کر کے سرفہرست ہے۔

دوسرا میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور کراچی کنگز کے درمیان شام 7 بجے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔ کراچی کنگز پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن پر موجود ہے جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 7 پوائنٹس کے ساتھ  آخری نمبر پر موجود ہے اور آج کے میچ میں فتح کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے انتہائی ضروری ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے ایچ بی ایل پی ایس ایل سیزن 5 کے اٹھائیسویں میچ میں کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دی۔

یہ بھی پڑھیں اسد شفیق، عمیر بن یوسف پی ایس ایل کا حصہ بن گئے

اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کراچی کنگز کو جیت کے لیے 137 رنز کا ہدف دیا تھا تاہم کراچی کنگز نے مقررہ ہدف آخری اوور میں حاصل کر لیا۔

کورونا وائرس کے باعث گزشتہ روز شائقین کو گراؤنڈ میں آنے کی اجازت نہیں تھی جبکہ آج کے میچز بھی گراؤنڈ میں شائقین کی موجودگی کے بغیر ہی کھیلے جائیں گے۔


متعلقہ خبریں