اسپین کے وزیراعظم کی اہلیہ بھی کورونا وائرس کی شکار


میڈرڈ: کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کی اہلیہ کے بعد اسپین کے وزیراعظم کی اہلیہ بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئیں۔

اسپین کے وزیراعظم پیدروسانچز کی اہلیہ بیگونیا گومیز کا کورونا ٹیسٹ پازیٹیو نکلا۔ اسپین میں کابینہ کے سات گھنٹے طویل اجلاس کے بعد ملک بھر میں تیسرے درجے کی ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔

پندرہ روزہ ایمرجنسی کا اعلان وزیراعظم پیدروسانچز نے کیا، اسپین میں تمام کمرشل سینٹرز، ریسٹورنٹس، بار، کیفے بند کرنے کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں: کینیڈین وزیراعظم کی اہلیہ سمیت کئی نامور شخصیات کورونا وائرس کی شکار

خبر ایجنسی کے مطابق ایمرجنسی کے نفاذ کے فیصلے پرعملدرآمد آج سے ہی ہوگا، اسپین میں وزارت داخلہ، دفاع، ٹرانسپورٹ اور صحت کی وزارتیں احکامات جاری کر سکیں گی۔

سیر سپاٹے، بلاوجہ گھومنے پھرنے، دوستوں کے گھروں پر جانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ اسپین کی پولیس تمام اقدامات کی سخت نگرانی کرے گی۔

کورونا وائرس کی وبا نے جہاں مختلف ممالک میں تباہی و بربادی پھیلائی ہے وہیں کئی اہم شخصیات بھی اس کی زد میں آ گئی ہیں۔ ان میں تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیں۔

ٹام ہینکس، اداکار

جن اہم شخصیات کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے ان میں بالی وڈ کے معروف اداکار ٹام ہینکس شامل ہیں۔ 63 سالہ اداکار نے ایک ٹوئٹ کے ذریعے اپنے مداحوں کو اس حوالے سے اطلاع دی۔

صوفی ٹروڈو، کینیڈین وزیراعظم کی اہلیہ

کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کی اہلیہ کا بھی کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے تاہم ان کے شوہر ابھی تک اس بیماری سے محفوظ ہیں۔

ریتا ولسن، اداکارہ

ٹام ہیکس کی اہلیہ ریتا ولسن خود ایک مشہور اداکارہ ہیں، اپنے شوہر کی طرح وہ بھی کورونا وائرس کا شکار ہوئی ہیں۔

روڈی گوبرٹ، باسکٹ بال کھلاڑی

27 سالہ این بی اے سٹار روڈی گوبرٹ کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد اس سیزن کا ٹورنامنٹ ملتوی کر دیا گیا ہے۔

فیبیو وجنگارٹن، صدر ٹرمپ سے ملاقات کرنے والے برازیل کے اعلیٰ عہدیدار

برازیل کے اعلی سرکاری اہلکار فیبو وجنگارٹن جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور نائب صدر مائیک پینس سے ملاقات کے بعد واپس اپنے ملک پہنچے تو ان کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا۔

ڈونوون مچل، این بی اے سٹار

این بی اے کے ایک اور اسٹار ڈونوون مچل بھی اسی وبا کی زد میں آ گئے ہیں۔ ان کے ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ان سے رابطے میں آنے والے تمام افراد کے ٹیسٹ لیے گئے ہیں۔

مائیکل آرٹیٹا، آرسنل کلب کے ہیڈ کوچ

فٹ بال کے مشہور کلب آرسنل کے مینیجر مائیکل آرٹیٹا کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد کلب کو اپنا تربیتی کامپلیکس بند کرنا پڑٓا اور تمام ٹیم کو قرنطینہ میں رہنا پڑا۔

 اسحاق جہانگیری، ایرانی نائب صدر

ایران بری طرح اس وائرس کی زد میں آیا ہے جس کے باعث وہاں کے تقریباً 24 اراکین پارلیمنٹ کوروناوائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔ ایرانی نائب صدر اسحاق جہانگیری بھی ان اہم شخصیات میں شامل ہیں جو اس وبا سے محفوظ نہ رہ سکے۔


متعلقہ خبریں