ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے ٹکٹ فروخت کیلئے پیش


کراچی: ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ٹی ٹوینٹی میچز پر مشتمل سیریز کے ٹکٹ فروخت کے لئے پیش کر دیے گئے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں منعقد کی جانے والی سیریزکے ٹکٹس ٹی سی ایس کے آٹھ منتخب مراکز پرفروخت کئے جا رہے ہیں۔ آن لائن ٹکٹ پہلے ہی فروخت کے لئے پیش کئے جا چکے ہیں۔

کورئیرسروس کے مراکز پر ٹکٹوں کی فروخت صبح نو بجے سے شروع کی گئی ہے۔ سیکیورٹی خدشات کے سبب ایک شناختی کارڈ پر زیادہ سے زیادہ پانچ ٹکٹ خریدنے کی اجازت دی گئی ہے۔

خریدار کے لئے لازم قرار دیا گیا ہے کہ ٹکٹ خریدتے وقت اپنا اصل قومی شناختی کارڈ  پیش کرے۔

وسیم باری، اقبال قاسم، انتخاب عالم، محمد برادرز اور نسیم الغنی انکلوژرز کے ٹکٹ پانچ سو روپے میں فروخت کیے جارہے ہیں۔ آصف اقبال، ماجد خان اور وقار حسن اسٹینڈز کے ٹکٹ کی قیمت ایک ہزار روپے مقررکی گئی ہے۔

قائد، عمران خان، وسیم اکرم اور اسپیشل چلڈرن انکلوژرز کے پریمیم کلاس ٹکٹ دوہزار روپے میں دستیاب ہیں۔ وی آئی پی انکلوژر میں تبدیل کیے جانے والے جاوید میاں داد، فضل محمود اور حنیف محمد اسٹینڈز کے ٹکٹوں کی قیمت  پانچ ہزارروپے رکھی گئی ہے۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ یہ ٹکٹ کمپیوٹرائزڈ نظام کے تحت براہ راست کرکٹ بورڈ کی نگرانی میں فروخت کیے جا رہے ہیں۔

کرکٹ بورڈ کے چئیرمین نجم سیٹھی نے گزشتہ روز ٹکٹوں کی فروخت کے متعلق غلط ٹویٹ کی تھی۔ انہوں نے اعلان کیا تھا کہ ٹکٹ بدھ سے فروخت کے لئے پیش کئے جائیں گے۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیمیں یکم، دو اور تین اپریل کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں مدمقابل ہوں گی۔ میچز پاکستانی وقت کے مطابق شام سات بجے کھیلے جائیں گے۔


متعلقہ خبریں