کورونا: حکومتی اقدمات کا ساتھ دیں گے،علمائے کرام و مفتیان کرام کا اعلان

حکومت سندھ: علمائے کرام سے فیصلوں پر نظرثانی کی اپیل

کراچی: مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام، مشائخ عظام اور مفتیان کرام نے کورونا وائرس کے حوالے سے اٹھائے جانے والے حکومت سندھ کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس ضمن میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ کوئی سیاسی مسئلہ نہیں ہے بلکہ انسانی ہے اورہم ہر طرح سے صوبائی حکومت کے ساتھ ہیں۔

کورونا: سندھ میں ناصر شاہ کو مدارس کے حوالے سے اہم ٹاسک مل گیا

ہم نیوز کے مطابق یہ یقین دہانی چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان، دعوت اسلامی کی مجلس رابطہ کراچی کے رکن محمد یعقوب عطاری اورسیلانی ویلفیئر کے سربراہ مولانا بشیر فاروقی سمیت دیگر نے ملاقات کے دوران صوبائی وزیر بلدیات و اطلاعات ناصر حسین شاہ اور وزیر تعلیم سعید غنی کو کرائی۔

حکومت سندھ کے فیصلے کے تحت صوبائی وزرا نے مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام سے ملاقاتیں کیں اور کورونا وائرس کے حوالے سے حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔

دارالعلوم نعیمیہ میں چیئرمین رویت ہلال کمیـٹی مفتی منیب الرحمان سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزرا نے بتایا کہ صوبے میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور حکومت سندھ اس وبا سے نبرد آزما ہونے کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سے نمٹنے کے لیے ضروری ہے کہ تمام شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد اپنا کردار ادا کریں۔

ہم نیوز کے مطابق مفتی منیب الرحمان نے اس موقع پر وفد کو یقین دہانی کرائی کہ اس حوالے سے ہم حکومت سندھ اور وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ کے اقدامات کو سراہتے ہیں اور اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کریں گے۔

چیئرمین رویت ہلال کمیٹی کا کہنا تھا کہ تمام مساجد اور علمائے کرام اس سلسلے میں مساجد و مدارس کے پلیٹ فارموں کو استعمال کرتے ہوئے کورونا وائرس سے بچاؤ کی جاری کردہ ایڈوائزی کو عوام تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

مفتی منیب الرحمان نے کہا کہ یہ کوئی سیاسی نہیں بلکہ انسانی مسئلہ ہے اور ہم صوبائی حکومت کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے وزرا کو بتایا کہ ہم نے تمام مدارس کے طلبہ کو تعطیلات دے دی ہیں اور چاہتے ہیں کہ سب مل کر اس وبا کا مقابلہ کریں۔

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 50 کے قریب

انہوں نے اعتراف کیا کہ کورونا وائرس کے حوالے سے حکومت سندھ نے زیادہ فعالیت کا مظاہرہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری دعا ہے کہ صوبائی حکومت اپنی کوششوں میں کامیاب ہو۔ انہوں ںے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو اس وبا سے محفوظ رکھے اور امت مسلمہ پہ اپنا رحم کرے۔

ہم نیوز کے مطابق ناصر حسین شاہ اور سعید غنی نے دعوت اسلامی کی مجلس رابطہ کراچی کے ارکان محمد یعقوب عطاری، محمد یحییٰ عطاری، غلام محبوب عطاری، عمران عطاری اور سائیں عبدالرحمان عطاری سے بھی ملاقات کی۔

صوبائی وزرا کا کہنا تھا کہ ہماری پوری کوشش ہے کہ اس وبا سے نبرد آزما ہونے کے لیے تمام ممکنہ پلیٹ فارموں کو استعمال کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بالعموم اور سندھ میں بالخصوص مدارس وعلمائے کرام کا ایک مضبوط پلیٹ فارم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پلیٹ فارم سے جانے والا پیغام پورے ملک میں نہایت مؤثر انداز و طریقے سے جاتا ہے۔

صوبائی وزرا نے درخواست کی کہ اس حوالے سے خواہش مند ہیں کہ حضرت مولانا الیاس قادری ایک ویڈیو بیان جاری کردیں۔

یعقوب عطاری نے یقین دہانی کرائی کہ اس حوالے سے حضرت مولانا الیاس قادری کا ویڈیو بیان جلد جاری کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دعوت اسلامی اس حوالے سے صوبائی حکومت کے ساتھ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم ہر قسم کے تعاون کے لیے تیار ہیں۔

پاکستان میں کورونا کے مفت ٹیسٹ کہاں سے کروائیں؟

ہم نیوز کے مطابق حکومت سندھ کے وزرا نے سیلانی ویلفیئر کے سربراہ مولانا بشیر فاروقی سے بھی ان کے دفتر میں ملاقات کی۔

مولانا بشیر فاروقی نے اس موقع پر صوبائی حکومت اور بالخصوص وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے کورونا وائرس کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات کو حقیقی اقدامات قرار دیا۔ انہوں ںے کہا کہ حکومت سندھ نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے جو اقدامات کیے ہیں وہ قابل ستائش ہیں۔

انہوں نے صوبائی وزرا کو بتایا کہ حکومت سندھ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات اپنے تمام سینٹرز پر ایڈوائزری جاری کردی ہے۔

مولانا بشیر فاروقی نے کہا کہ ہم نے اپنے دسترخوان اور دیگر مراکز پر بھی تمام حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے کے لئے ہدایات دے دی ہیں۔

سندھ میں کورونا کے 14 نئے کیسز، مجموعی تعداد 35 ہوگئی

ہم نیوز کے مطابق سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے سربراہ مولانا بشیر فاروقی نے یقین دہانی کرائی کہ انشا اللہ ہم سب مل کر حکومت سندھ کا ساتھ دیں گے اور اس وبا سے نجات کے لیے تمام پلیٹ فارموں کو استعمال کریں گے۔


متعلقہ خبریں