کورونا وائرس: مسجدالاقصیٰ کو بند کردیا گیا

کورونا وائرس: مسجدالاقصیٰ کو بند کردیا گیا

فائل فوٹو


کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر قبلہ اول مسجدالاقصیٰ کو جزوی طور پر تاحکم ثانی بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

مقبوضہ بیت المقدس میں اسلامی مقدسات کے انتظام وانصرام کے ذمے دار محکمہ اوقاف کے مطابق قبلہ اول کے صحن میں نمازکی ادائیگی جاری رہےگی۔

مسجدالاقصیٰ کے ڈائریکٹر عمر کسوانی نے برطانوی خبررساں ایجنسی رائٹرز کو بتایا ہے کہ ’’محکمہ اسلامی وقف نے کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے حفظ ماتقدم کے طور پر مسجد الاقصیٰ میں بند دالانوں میں تاحکم ثانی نماز کی ادائی پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ البتہ اب مسجد الاقصیٰ میں کھلی جگہوں میں نماز ادا کی جاسکے گی۔‘‘

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: ماؤنٹ ایورسٹ کو سیاحوں کیلئے بند کر دیا گیا

خیال رہے کہ سعودی عرب میں کورونا وائرس کے پیش نظر تمام شاپنگ مالز، باغات اور ساحل سمندروں کو عوام الناس کے لیے بند کر دیا گیا ہے تاہم میڈیکل اسٹورز کھلے رہیں گے۔  سعودی عرب بین الاقوامی پروازوں پر دو ہفتوں کیلئے پابندی عائد کر دی ہے۔

حکومت نے کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر دیگر ممالک سے آنے والے عمرہ زائرین پر پابندی عائد کر رکھی ہے اور چند روز قبل سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر مطاف کو بھی خالی کروا کر خانہ کعبہ میں جراثیم کش اسپرے کیا گیا تھا۔

سعودی عرب میں شادی ہالز، ریسٹ ہاوسز اور ہوٹلزمیں تقریبات منسوخ کردی گئی ہیں جب کہ شارجہ اور ابو ظہبی میں نائٹ کلبز اور پارکس بھی عارضی طورپر بند کر دیئے گئے ہیں۔


متعلقہ خبریں