پی ایس ایل: سب سے زیادہ وکٹیں کس نے لیں اور رنز کس نے بنائے؟


پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2020 میں سیمی فائنل مرحلہ آن پہنچا ہے تاہم چھکوں، چوکوں اور وکٹیں گرنے کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔

پہلی مرتبہ مکمل طور پر پاکستان میں منعقد ہونے والے ٹورنامنٹ میں اب تک کھیلے گئے زیادہ تر میچز میں بلے بازوں کا پلڑا بھاری رہا ہے تاہم کچھ گیند بازوں کی جانب سے بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا گیا۔

ٹورنامنٹ میں اب صرف تین ہی میچز باقی رہ گئے ہیں۔ یہاں ہم آپ کو پی ایس ایل سے متعلق تازہ ترین اعداد و شمار سے آگاہ کررہے ہیں۔

سب سے زیادہ رنز

سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں پہلا نمبر کراچی کنگز کے بابر اعظم کا ہے جنہوں نے 49.28 کی اوسط سے 345 رنز بنا رکھے ہیں۔ انہوں نے تین نصف سنچریاں بھی اسکور کی ہیں۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل 5: اب تک کی بہترین کارکردگی کس نے دکھائی؟

گزشتہ روز کی میچ وننگ سنچری کے باعث دوسرے نمبر پر لاہور قلندرز کے کرس لن آگئے ہیں جنہوں نے ایک سنچری اور ایک نصف سنچری کی مدد سے ٹورنامنٹ میں 284 رنز بنالیے ہیں۔

تیسرے نمبر پر قلندرز کے ’ببل مین‘ بین ڈنک ہیں جنہوں نے دو نصف سنچریوں کی مدد سے ٹورنامنٹ میں اب تک 266 رنز بنائے ہیں۔

سب سے بڑا انفرادی اسکور

اس فہرست میں لاہورز قلندرز کے کرس لن گزشتہ روز کی سنچری کے باعث پہلے نمبر پر آگئے ہیں۔ انہوں نے ملتان سلطانز کے خلاف سنچری کے دوران آٹھ چھکے اور 12 چوکے لگائے اور اپنی ٹیم کو سیمی فائنل تک رسائی دلانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

کامران اکمل 101 رنز کے ساتھ فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں۔  یہ اسکور انہوں نے 55 گیندوں پر چار چھکوں اور 13 چوکوں کی مدد سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف بنایا تھا۔

مزید پڑھیں: سلطانز نے یونائیٹڈ کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی

رائلی روسو فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں جنہوں نے کوئٹہ ہی کے خلاف 44 گیندوں پر 100 رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلی تھی۔

اپنی اننگز کے دوران انہوں نے 6 چھکے اور 10 چوکے لگائے اور اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

سب سے زیادہ چھکے

ٹورنامنٹ میں اب تک سب سے زیادہ چھکے بین ڈنک نے لگائے ہیں جنہوں نے پانچ میچز میں 23 مرتبہ گیند کو باؤنڈری سے پار لگایا۔

فہرست میں دوسرا نمبر کرس لن کا ہے جنہوں نے 16 چھکے لگائے جبکہ شرجیل خان بھی 16 چھکوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر براجمان ہیں۔

سب سے زیادہ وکٹیں

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اس مرتبہ پی ایس ایل میں کارکردگی مایوس کن رہی ہے تاہم ان کے بولر محمد حسنین نے ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لے رکھی ہیں۔

حسنین نے ںو میچز میں 15 وکٹٰں لی ہیں تاہم وہ اپنی ٹیم کو سیمی فائنل تک رسائی نہ دلاسکے۔

مزید جانیں: بین ڈنک کی طوفانی اننگز، قلندرز 8 وکٹوں سے فتح یاب

فہرست میں دوسرا نمبر لاہور قلندرز کے شاہین شاہ آفریدی کا ہے جنہوں نے ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 13 وکٹیں حاصل کیں۔

تیسرے نمبر پر پشاور زلمی کے فاسٹ بولر اور کپتان وہاب ریاض ہیں جنہوں نے 11 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

سب سے زیادہ کیچز

پی ایس ایل فائیو میں اب تک سب سے زیادہ کیچز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے آل راؤنڈر محمد نواز نے پکڑے ہیں۔

نواز نو میچز میں آٹھ کیچز پکڑے ہیں۔  فہرست میں دوسرا نمبر پشاور زلمی کے ٹام بینٹن کا ہے جنہوں نے سات میچز میں سات کیچز پکڑے۔

فہرست میں تیسرا نمبر کراچی کنگز کے جیمز ونس کا ہے جنہوں نے پانچ میچز میں چھ کیچز بٹورے۔


متعلقہ خبریں