کورونا وائرس پر ایسے فیصلے نہ کریں جن سے خوف پھیلے، وزیر اعظم 

وزیر اعظم کا اسمگلنگ میں ملوث افراد کیخلاف کارروائی کا حکم

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس پر ایسے فیصلے نہ کریں جن سے خوف پھیلے۔

وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی سلامتی کونسل کی تشکیل کردہ کورونا وائرس کو آرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں نیشنل کو آرڈینیشن کمیٹی کے اراکین سمیت وفاقی و صوبائی وزرا، اعلیٰ سول و عسکری اداروں کے نمائندے اور دیگر نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں: مشکل وقت کا مقابلہ کرنا نہ سیکھتا تو آج کھڑا نہیں ہوتا، عمران خان

ذرائع کے مطابق اجلاس میں قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں پر عملدرآمد کے جائزے کے علاوہ نیشنل کو آرڈینیشن کمیٹی کے پہلے اجلاس میں کیے گئے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ افواہوں سے نمٹنے کے لیے عوام کو روزانہ کی بنیاد پر کورونا سے متعلق آگاہ کیا جائے۔

اس دوران انہوں نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ  قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں پر ہر صورت عمل کیا جائے اور تمام صوبے مل کر اس میں کردار ادا کررہے ہیں۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس: خیبر پختونخوا پولیس کی تربیتی سرگرمیاں منسوخ

ان کا کہنا تھا کہ ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد کو ذمہ داری دکھانا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ میں جلد قوم سے خطاب کروں گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے کورونا سے ڈرنا نہیں لڑنا ہے۔ اس دوران وزیراعظم نے تمام وزرائے اعلیٰ کی تجاویز کو سنا اورصوبوں کے خدشات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے مختلف تجاویز وزیراعظم کے سامنے رکھ دیں جس پر ان کا کہنا تھا کہ کورونا سے سب نے مل کر نمٹنا ہے، صوبوں کی ضروریات پوری کریں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسے فیصلے نہ کریں جن سے خوف پیدا ہو۔


متعلقہ خبریں