کورونا وائرس: دنیا بھر میں ہلاکتیں 7 ہزار سے تجاوز کر گئیں

فائل فوٹو


دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد سات ہزار164 سے زائد ہوگئی ہے جب کہ ایک لاکھ 82 ہزار 550 سے زائد افراد میں جان لیواوائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

سب سے زیادہ ہلاکتیں چین میں ہوئی ہیں جہاں مجموعی تعداد تین ہزار 226ہو گئی ہے۔ امریکہ میں اس وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 87 ہوگئی ہے جب کہ کینڈا میں ایک روز میں کرونا وائرس سے تین افراد موت کی وادی میں چلے گئے اور مجموعی تعداد4 ہوگئی۔

اسپین میں تین سو 42افراد کورنا سے ہلاک اور فرانس میں ہلاکتوں کی تعداد 148ہو گئی ہے۔ برطانیہ میں پچپن افراد جان لیوا وائرس کا شکار ہو گئے ایران میں کرونا سے853 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

چینی اسٹیٹ قونصلروانگ ای نے ہسپانوی وزیرخارجہ سے رابطہ کر کے کہا ہے کہ چین اسپین کو طبی سہولیات اور اشیا فراہم کرے گا، اسپین کے لیے طبی ماہرین اور طبی آلات بھی بھیجے جائیں گے، اسٹیٹ قونصلر نے اسپین میں میڈیکل ٹیمیں  بھیجنے کا وعدہ بھی کیا ہے۔

یورپ  کورونا وائرس سے شدید متاثر ہوا ہے جہاں چوالیس میں سے تینتالیس ممالک متاثر ہیں اور تئیس میں اموات بھی ہوئی ہیں۔

اسپین میں تین سو چالیس، فرانس ایک سو ستائیس اور نیدر لینڈز میں چوبیس ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔ جرمنی، سوئٹزر لینڈ، بیلجیم، سویڈن، آسٹریا میں بھی ہلاکتیں ہوئی ہیں، جرمنی نے ہمسایہ ممالک سے سرحدیں بند کر دی ہیں اور بائرن صوبے میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔

کورونا کے خطرے کے پیش نظر امریکہ کی علامت سمجھاجانے والا مجسمہ آزادی کو بھی سیاحوں کیلئے بند کر دیا گیا۔ تانبے کا بنا ہوا  مجسمہ آزادی نیو یارک کے جزیرے ایلس کی بندرگاہ پر 1886سے نصب  ہے جو دنیا بھر میں امریکہ کی علامت کے طور پر جانا جاتا ہے۔

 


متعلقہ خبریں