پاکستان: کورونا وائرس کیسز کی تعداد 230 سے بڑھ گئی


اسلام آباد: پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد میں آج مزید اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، ملک بھر میں مریضوں کی تعداد 230 سے زائد ہوگئی ہے۔

ملک میں اب تک سب سے زیادہ کیسز سندھ میں سامنے آئے ہیں جہاں اس وبائی بیماری سے متاثرہ افراد کی تعداد 172 تک پہنچ چکی ہے۔

پنجاب میں مہلک وائرس کے متاثرین کی تعداد 26 ہے جبکہ  بلوچستان کے 16 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے۔

اس کے علاوہ خیبرپختونخوا حکومت نے 15 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق کی ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وبائی مرض سے متاثر ہونے والے چار افراد زیر علاج ہیں۔ گلگت بلتستان میں کورونا کے تین مریض موجود ہیں۔

دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 7,174 ہوگئی ہے جب کہ 182,742 افراد میں جان لیواوائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

مزید پڑھیں: دنیاپاکستان کے قرضے معاف کرے، وزیراعظم

سب سے زیادہ ہلاکتیں چین میں ہوئی ہیں جہاں مجموعی تعداد 3,226 ہے۔ امریکہ میں اس وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 93 ہوگئی ہے جب کہ کینیڈا میں ایک روز میں کورونا وائرس سے تین افراد موت کی وادی میں چلے گئے اور مجموعی تعداد4 ہوگئی۔

اسپین میں 342 کورعنا سے ہلاک اور فرانس میں ہلاکتوں کی تعداد 148ہو گئی ہے۔ برطانیہ میں پچپن افراد جان لیوا وائرس کا شکار ہو گئے ایران میں کورونا سے853 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

چینی اسٹیٹ قونصلروانگ ای نے ہسپانوی وزیرخارجہ سے رابطہ کر کے کہا ہے کہ چین اسپین کو طبی سہولیات اور اشیا فراہم کرے گا، اسپین کے لیے طبی ماہرین اور طبی آلات بھی بھیجے جائیں گے، اسٹیٹ قونصلر نے اسپین میں میڈیکل ٹیمیں  بھیجنے کا وعدہ بھی کیا ہے۔

یورپ  کورونا وائرس سے شدید متاثر ہوا ہے جہاں چوالیس میں سے تینتالیس ممالک متاثر ہیں اور تئیس میں اموات بھی ہوئی ہیں۔

کورونا کے خطرے کے پیش نظر امریکہ کی علامت سمجھاجانے والا مجسمہ آزادی کو بھی سیاحوں کیلئے بند کر دیا گیا۔

تانبے کا بنا ہوا  مجسمہ آزادی نیو یارک کے جزیرے ایلس کی بندرگاہ پر 1886سے نصب  ہے جو دنیا بھر میں امریکہ کی علامت کے طور پر جانا جاتا ہے۔


متعلقہ خبریں