گھبرانا نہیں، کورونا وائرس کے خلاف جنگ جیتیں گے، وزیراعظم



اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نےکہا ہے کہ گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے ہم کورونا وائرس کے خلاف جنگ جیتیں گے۔

قوم سے خطاب کے دوران ان کا کہنا تھا کہ ذخیرہ اندوزوں کوخبردارکرتا ہوں عوام کی تکلیف سےفائدہ اٹھانےکی کوشش پرکارروائی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ  ایران سے پاکستانی زائرین بلوچستان پہنچے جہاں سہولیات کی کمی تھی، پاکستان کے وہ حالات نہیں جو امریکہ اور اٹلی کے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا سے متاثرہ افراد سے دور رہنا بہت ضروری ہے۔ وائرس کے خاتمے کیلئے چین سےسیکھنا ہو گا۔

عمران خان نے کہا کہ این ڈی ایم اے کو ملک میں سرگرم کردیا ہے، اگریہ بیماری پھیلی تووینٹی لیٹرزدرکارہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ دیکھ رہےہیں اٹلی،برطانیہ اوردیگرملکوں سےکیا سیکھ سکتےہیں، اٹلی نےشروع میں کچھ نہیں کیااب لاک ڈاؤن کردیا۔

ان کا کہنا تھا کہ شہر بند کرتے تو صورتحال مزید خراب ہوتی لوگ بھوک سے مرجاتے ،ہمارےمعاشی حالات ٹھیک نہیں ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے تعلیمی ادارے بند اور اجتماعات پر پابندی لگائی ۔

انہوں نے مزید کہا کہ کورونا وائرس نے پھیلنا ہے لیکن ہم نے پوری کوشش کرنی ہے،کیونکہ ہم سے بہتر جن کے پاس میڈیکل سسٹم ہے تو وہاں بھی تیزی سے پھیل رہا ہے اور یہاں بھی پھیلے گا، ہم نے روکنے کے لیے تیاری کرنی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ان حالات میں ملکی معیشت پر اثر آئے گا جس کے لیے  اقتصادی کمیٹی بنائی ہے، ائیرلائنز سمیت کئی انڈسٹریز کو کورونا وائرس سے نقصان ہوا ہے اور ہماری معیشت ویسے ہی دباؤ کا شکار تھی، پاکستان کی برآمدات بہت دیر بعد بڑھنا شروع ہوئی تھیں لیکن ہمیں نظر آرہا ہےکہ برآمدات پر کورونا وائرس کا اثر آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہر روز اقتصادی کمیٹی دیکھے گی کہ کون کون سے شعبے متاثر ہورہے ہیں اور ان کی کیا کیا مدد کرنی ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا کیسز کی تعداد230 سے تجاوز کر چکی ہے اور سب سے زیادی مریض سندھ میں سامنے آئے ہیں۔

سندھ میں کورونا کے 172 مریض، پنجاب62، خیبرپختونخوا میں 15 اور بلوچستان میں 14 کیسز رپورٹ ہوئے۔ اسلام آباد میں کورونا وائرس کے چار مریض رپورٹ ہوئے جن میں سے تین زیر علاج ہیں اور گلگت بلتستان میں بھی تین کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 7,174 ہوگئی ہے جب کہ 182,742 افراد میں جان لیواوائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

سب سے زیادہ ہلاکتیں چین میں ہوئی ہیں جہاں مجموعی تعداد 3,226 ہے۔ امریکہ میں اس وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 93 ہوگئی ہے جب کہ کینیڈا میں ایک روز میں کورونا وائرس سے تین افراد موت کی وادی میں چلے گئے اور مجموعی تعداد4 ہوگئی۔

اسپین میں 342 اور فرانس میں ہلاکتوں کی تعداد 148ہو گئی ہے۔ برطانیہ میں پچپن افراد جان لیوا وائرس کا شکار ہو گئے ایران میں کورونا سے853 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

یورپ بھی کورونا وائرس سے شدید متاثر ہوا ہے جہاں چوالیس میں سے تینتالیس ممالک متاثر ہیں اور تئیس میں اموات بھی ہوئی ہیں۔


متعلقہ خبریں