پاکستان علما کونسل نے کورونا کے پیش نظر فتویٰ جاری کر دیا


اسلام آباد: پاکستان علما کونسل نے کورونا وائرس کے پیش نظر فتویٰ جاری کر دیا جس میں کہا گیا ہے کہ پوری دنیا کورونا وائرس کے رسک پر ہے لہٰذا تمام سیاسی اور مذہبی اجتماعات کو فی الفور ملتوی کردیا جائے۔

مشترکہ فتویٰ میں کہا گیا ہے کہ جمعتہ المبارک کے اجتماعات میں اردو تقریر ختم کرکے عربی خطبات کو مختصر کردیا جائے۔

فتویٰ کے مطابق کورونا وائرس کی احتیاط میں مصافحے اور معانقہ کے بجائے زبان سے السلام علیکم کہا جائے جبکہ مساجد میں وضوخانوں ا ور طہارت خانوں کی مکمل کا خیال رکھا جائے۔

مشترکہ فتویٰ میں کہا گیا کہ مساجد میں صفوں کے درمیان فاصلہ رکھا جائے جبکہ نماز باجماعت فرش پر ادا کرنے کا اہتمام کیا جائے۔

مزید پڑھیں: دنیاپاکستان کے قرضے معاف کرے، وزیراعظم

پاکستان میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 197 ہوگئی ہے جس کے بعد علمائے کرام کی جانب سے یہ فتویٰ جاری کیا گیا۔

ایک اعلامیے کے مطابق 183 مریض مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں جبکہ چار ڈسچارج ہوچکے ہیں۔

سندھ میں کورونا وائرس کے 155 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 147 زیر علاج ہیں۔ اسی طرح خیبرپختون خوا میں 15 اور بلوچستان میں 14 کیسز رپورٹ ہوئے۔

اسلام آباد میں کورونا وائرس کے چار مریض رپورٹ ہوئے جن میں سے تین زیر علاج ہیں۔

گلگت بلتستان میں تین اور پنجاب میں 8 کیسز رپورٹ ہوا۔


متعلقہ خبریں