کورونا وائرس: پاک افغان سرحد 17ویں روز بھی بند

کورونا وائرس: پاک افغان سرحد 17ویں روز بھی بند

فوٹو: فائل


چمن: کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خطرے کے پیش نظر پاک افغان سرحد آج 17 ویں روز بھی بند ہے اور ہر طرح کی آمدورفت معطل ہے۔

سیکیورٹی حکام کے مطابق سرحد پر ہر قسم کی دوطرفہ تجارتی سرگرمیاں معطل ہیں جبکہ کسٹم ہاؤس اور وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے دفاتر بھی بند ہیں۔

اسسٹنٹ کمشنر ذکا اللہ درانی کے مطابق اعلیٰ سیکیورٹی حکام نے پاک افغان سرحد پر قائم قرنطینہ سینٹر کا دورہ کیا جن میں سیکٹر کمانڈر ایف سی نارتھ بریگیڈیئر لیاقت علی، کمانڈنٹ کرنل راشد صدیق، اے ڈی سی حسین ہزارہ شامل تھے۔ سیکیورٹی حکام کو قرنطینہ سینٹر میں انتظامات سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ سرحد کھلنے کی صورت میں افغانستان سے آنے والے لوگوں کو قرنطینہ منتقل کیا جائے گا۔

حکام کے مطابق سرحد کی بندش سے نیٹو سپلائی، افغان ٹرانزٹ ٹریڈ اور سینٹرل ایشیائی ممالک کے ساتھ تجارتی سرگرمیاں معطل ہیں اور سرحد کی بندش کی وجہ سے بڑی تعداد میں پاکستانی اور افغان شہری باب دوستی کے دونوں جانب پھنسے ہوئے ہیں۔

چیمبر آف کامرس کے مطابق باب دوستی کی بندش سے بڑی تعداد میں مال بردار ٹرک اور کنٹینرز پاکستان میں پھنس گئے ہیں جبکہ تجارتی سرگرمیاں معطل ہونے سے پاکستانی تاجروں کو بڑے پیمانے پر نقصانات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں پاکستان میں کورونا کیسز کی تعداد245 ہوگئی

چیمبر آف کامرس کے رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ قرنطینہ سینٹر کے قیام کے فوری بعد پھنسے مال بردار ٹرکوں کو ملک میں آنے جانے کی اجازت دی جائے۔


متعلقہ خبریں