حکومت نے کورونا وائرس روکنے کے لیے کوئی اقدام نہیں کیا، چیف جسٹس

فوٹو: فائل


اسلام آباد: چیف جسٹس نے کہا ہے کہ حکومت نے کورونا وائرس کو روکنے کے لیے کوئی اقدام نہیں کیا لیکن عدالتی کارروائی روکنے کا حکم دے دیا۔

قومی ائر لائن کے چیف ایگزیکٹیو افسر (سی ای او) ائر مارشل ارشد ملک کی تعیناتی کے معاملے پر کیس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔ سماعت سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف کی گئی۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ بیرون ملک سے ائرپورٹ کے ذریعے آنے والے کورونا وائرس کیس کے ذمہ دار پی آئی اے اور حکومت ہے جو ان کی نااہلی کی وجہ سے ہوا۔ اس وقت ملک میں ہر جگہ کورونا کی بات ہی ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر سیکیورٹی کا یہ حال رہا تو بہت سی بیماریاں ملک میں آجائیں گی۔ ہم تو عدالتی کام کے لیے یہاں موجود ہیں۔ حکومت نے کورونا کے حوالے سے کوئی اقدام نہیں کیا، اور ہمیں کہہ دیا کہ عدالتی کام روک دیں۔

اٹارنی جنرل پاکستان نے مؤقف اختیار کیا کہ ایئر مارشل ارشد ملک اچھے اور قابل انسان ہیں جبکہ گزشتہ 9 سالوں میں پی آئی اے کے 12 سربراہ تبدیل ہو چکے ہیں۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ پی آئی اے کے بارے میں کوئی ایک چیز بتائیں جو اچھی ہو ؟ پی آئی اے لوگوں کی زندگیوں کے ساتھ کھیل رہا ہے کیا اس کو بند کر دیں ؟

عدالت نے تحریری حکام جاری کرتے ہوئے کہا کہ عدالت کو بتایا گیا وفاق نے قانونی طریقے سے ارشد ملک کو مقرر کیا اور اٹارنی جنرل نے کہا کہ ان کو کام کرنے کی اجازت دی جائے۔ اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ ادارہ وینٹی لیٹر پر ہے اس لیے ارشد ملک کو کام کرنے دیا جائے اور وہ قابل آدمی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں شاہ محمودقریشی کو کوروناٹیسٹ کروانے کا مشورہ

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ سابق وزیر اعظم لندن گئے تو پی آئی اے کا جہاز وہاں کھڑا رہا انہیں کس نے ایسا کرنے کی اجازت دی اور لندن میں طیارہ کس کے خرچ پر کھڑا رہا۔

عدالت نے کہا کہ جس نے گلگت گھومنا ہووہ خاندان کے ساتھ جہاز لے کر چلا جاتا ہے اور جس نے کہیں اور جانا ہو وہ جہاز کا رخ بدلوا دیتا ہے۔


متعلقہ خبریں