ن لیگ کورونا جیسے حساس مسئلے پر بھی سیاسی دوکان  لگانے سے باز نہ آئی، فردوس عاشق

فائل فوٹو


اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ  عوام کے تحفظ، مفاد اور سلامتی کیلئے اٹھائے گئے وزیراعظم عمران خان  کے بروقت اقدامات کی گواہی دنیا دے رہی ہے تاہم   ن لیگ کورونا جیسے حساس مسئلے پر بھی سیاسی دوکان  لگانے سے باز نہ آئی۔

اپنے ٹوئٹر پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ  عالمی ادارہ صحت کا بیان حکومتی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ  اگر آپ کو عوام کا درد اور احساس ہوتا تو آزمائش کی اس گھڑی میں آپ کی قیادت اپنے ہم وطنوں کے ساتھ کھڑی ہوتی،  فارن فنڈنگ کا واویلا مچانے کی بجائے فارن اکاؤنٹ رکھنے والی  فارن میں بیٹھی اپنی قیادت کو پاکستان آنے کی اپیل کریں۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں کورونا کیسز کی تعداد245 ہوگئی

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ  (ن) لیگ نے ہمیشہ بیرون ملک مقیم محب وطن پاکستانیوں پہ وار کیا جو پاکستان اپنا پیسہ بھجواتے ہیں،  اوورسیز پاکستانیوں کا عمران خان کی قیادت پر اعتماد ہے۔

انہوں نے کہا کہ  احسن اقبال صاحب کاش آپ ان کے خلاف آواز بلند کرتے جنہوں نے پاکستان کے عوام کی جیبیں کاٹیں اور لندن فرار ہوگئے،منی لانڈرنگ کی اور پاکستان سے پیسہ باہر بھجوایا۔

ان کا کہنا تھا کہ  اتحاد اور یکجہتی وقت کا اہم تقاضہ ہے،  سیاسی پوائنٹ سکورنگ کی بجائے اپوزیشن کرونا کے بین الاقوامی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قومی کاوشوں کو تقویت دے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ  یہ قومی مسئلہ ہے،ایک ہوکر اس وائرس کو شکست دینی ہے۔


متعلقہ خبریں