کورونا وائرس، ینگ ڈاکٹرز نے پمز اسپتال کی او پی ڈی میں کام کرنے سے انکار کر دیا

pims پمز

فوٹو: فائل


اسلام آباد: ینگ ڈاکٹر ایسوسی ایشن (وائے ڈی اے) نے پمز اسپتال کی او پی ڈی میں آج سے سروسز معطل کرنے کا اعلان کر دیا۔

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر ینگ ڈاکٹرز نے اپنی سروسز معطل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت، وزرات صحت اور انتظامیہ کی کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے معاملے میں غیر سنجیدگی پر سروسز معطل کرنے کا فیصلہ کرنا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ پمز اسپتال کی ایمرجنسی، آپریشن تھیڑ، کورونا کاوئنٹر پر ینگ ڈاکٹرز کی سروسز جاری رہیں گی۔ بار بار درخواست کے باوجود حکومت او پی ڈی میں طبی عملے کو ماسک اور دستانے تک مہیا نہیں کر سکی۔

وائے ڈی اے رہنماؤں نے کہا کہ اسپتالوں کی او پی ڈیز نہ صرف اسپتال عملہ بلکہ مریضوں کے لیے وائرس کے پھیلاؤ کا سبب بن سکتی ہے اس لیے مریضوں کے تحفظ کی خاطر او پی ڈیز کی سروسز معطل رہیں گی تاہم کورونا کاؤنٹر سمیت ایمرجنسی میں ڈاکٹرز ہمہ وقت موجود رہیں گے۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ صرف انتہائی ضرورت کے وقت ہی اسپتالوں کا رخ کریں اور حکومت اسپتال کے عملے کو کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے درکار حفاظتی آلات مہیا کرے۔

یہ بھی پڑھیں کورونا وائرس: پاک افغان سرحد 17ویں روز بھی بند

ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ آئسولیشن وارڈ یا کورونا سینٹر کو فیڈرل جنرل اسپتال منتقل کیا جائے تو پھر ہم رضا کارانہ طور پر خدمات سر انجام دینے کے لیے تیار ہیں کیونکہ ہمارا مقصد احتجاج نہیں بلکہ حفاظتی اقدامات کرنا ہے۔


متعلقہ خبریں