عالمی مالیاتی اداروں کی پاکستان کو تعاون کی پیشکش

ڈالرکی قیمت بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

فائل فوٹو


اسلام آباد: کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کو مالی تعاون کی پیشکش کردی ہے۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کو 35 کروڑ ڈالر فراہم کرے گا جبکہ  عالمی بینک نے بھی 18 کروڑ 80 لاکھ ڈالر دینے کی پیشکش کر دی ہے۔پاکستان اور عالمی مالیاتی اداروں کے درمیان معاہدے جلد متوقع ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ کورونا وائرس پر قابو پانے کیلئے فنڈز این ڈی ایم اے کے ذریعے خرچ کیے جائیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اے ڈی بی کی طرف سے پانچ کروڑ ڈالر فوری جاری ہونے کا امکان ہے۔

پاکستان سمیت دنیا بھر کو مہلک بیماری نے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ ملک میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 245 ہوگئی ہے جب کہ چار مریض صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔

سندھ میں ایک سو بہتر کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں چھبیس، بلوچستان16، خیبر پختونخوا16، اسلام آباد سے چاراورگلگت بلتستان سے تین کیسز سامنے آئے ہیں۔

سندھ بھر میں ریسٹورنٹ اور شاپنگ مالزآج سے پندرہ روز کیلئے بند رہیں گے۔ سی ویو، پبلک پارکس بھی بند رکھے جائیں گے، سرکاری دفاتر اور انٹر سٹی بس سروس بھی کل سے بند کر دی جائے گی۔ سبزی اور راشن کی دکانیں کھلی رہیں گی تاہم کراچی کی حدود میں لگنے والے تمام بچت بازار بھی بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے قوم کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے گھبرانا نہیں ہے، بطور قوم مقابلہ کرکے یہ جنگ جیتیں گے۔

دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 7,984 ہوگئی ہے جب کہ 198412 افراد میں جان لیواوائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

کورونا دنیا کے ایک سو چونسٹھ ممالک میں پھیل چکا ہے اور ہلاکتوں کی تعداد سات ہزار نو سو سے بڑھ گئی ہے۔ایک لاکھ اٹھانوے ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں جب کہ اکیاسی ہزار سے زائد صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔

اٹلی میں مزید تین سو پینتالیس افراد کرونا وائرس کے باعث چل بسے اور ہلاکتوں کی مجموعی تعداد ڈھائی ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ اکتیس ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں۔

چین میں مزید گیارہ افراد کورونا وائرس سے ہلاک ہوئے اور مجموعی تعداد تین ہزار دو سو سینتیس ہوگئی ہے۔ چین میں متاثرہ افراد کی تعداد اسی ہزار سے بڑھ چکی ہے۔  ایران میں نو سو اٹھاسی افراد ہلاک ہوئے اور سولہ ہزار سے زائد متاثر ہیں۔

 


متعلقہ خبریں