کورونا وائرس فنڈ: ایم کیو ایم ارکان پارلیمنٹ کا ایک ماہ کی تنخواہ دینے کا اعلان


کراچی: متحدہ قومی مومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے اراکین پارلیمنٹ نے اپنی ایک ماہ کی تنخواہ کورونا وائرس سے نمنٹے کے لیے قائم فنڈ میں دینے کا اعلان کیا ہے۔

کنوینر ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول صدیقی نے اراکین رابطہ کمیٹی کے ہمراہ  پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے اگر صورتحال سنگین ہوجاتی ہے تو ان کی جماعت  تمام ضرورت مندوں میں اجناس تقسیم کریگی۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم پاکستان ایک لاکھ سینیٹائزرز بھی عوام میں تقسیم کریگی۔ خدمت خلق فاؤنڈیشن (کے کے ایف) پر پابندی کے باوجود کورونا وائرس کی پرائمری اسکریننگ کرنے کیلئے کیمپ لگادیا گیا ہے۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ تمام یو سی چیئرمین کو ہدایت کی ہے کہ سینیٹائزرز اور صابن عوام میں تقسیم کریں۔ حکومت کے ایم سی ڈی ایم سی اور کے کے ایف میں آئیسولیشن وارڈز قائم کرنے کیلئے اپنی تمام عمارتیں دینے کو تیار ہیں۔

مزید پڑھیں: سندھ میں181 افراد کورونا وائرس سے متاثر

انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم پاکستان نے کورونا وائرس آگئی مہم چلانے کی تمام تر تیاری مکمل کرلی ہے۔ رفاحی اداروں اور حکومت کو ایم کیوایم پاکستان اپنی تمام توانائی و امدادی کارکنان دینے کوتیار ہے۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کوروناوائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کیلئے ایم کیوایم پاکستان اپنے تمام دفاتر ایک ہفتے کیلئے بند کررہی ہے۔

خالد مقبول صدیقی نت کہا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے عوام زیادہ سے زیادہ احتیاط اور گھروں میں محدود رہیں۔حج و عمرہ کیلئے پیسے رکھنے والوں سے اپیل ہے کہ ان پیسوں سےراشن غریبوں میں تقسیم کریں۔

میئر کراچی وسیم اختر نے اس موقع پر کہا کہ کے ایم سی اپنے تمام اسپتال اور دفاتر کی خدمات حکومت سندھ کو دینے کو تیار ہے۔ لاک ڈاؤن سے ڈیلی ویجز کا طبقہ متاثرہوگا،ان کیلئے فوری امدادی پیکج کا بندوبست کیا جائے۔

ایم کیو ایم رہنما عامر خان  نے کہا کہ ڈسٹرکٹ چیئرمین اور ایم کیوایم پاکستان میڈیکل کمیٹی نے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات شروع کردیے ہیں۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ماضی کی طرح کورونا متاثرین کی امداد کیلئے ایم کیوایم پاکستان سب سے آگے ہوگی۔ کورونا فری کراچی کیلئے ملٹی نیشنل کمپنیوں اور عوام کا تعاون ہم کو درکار ہے۔ کورونا کے حوالے سے حکومتی کوشش کو بھی سراہتے ہیں۔


متعلقہ خبریں