کورونا وائرس، چین نے پاکستان کا ساتھ دینے کی یقین دہانی کرا دی، شاہ محمود قریشی


اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ چین نے مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ چین میں پاکستانی طلبا کے حوالے ہم پر اعتماد تھے اور جب ہم نے چین میں پاکستانی طلبا سے رابطہ کیا تو وہ بھی مطمئن تھے۔ کورونا وائرس سے پاکستان ہی نہیں بلکہ پوری دنیا متاثر ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے چین کا اس وقت ساتھ دیا جب وہ تنہا ہوا اور پاکستان نے چینی قیادت کو ہر قسم کی مدد اور تعاون کی پیشکش کی تھی۔ چین عالمی چیلنج میں پاکستان کی جانب سے تعاون پر بے انتہا خوش ہے اب چین نے پاکستان کو یقین دلایا کہ بیجنگ مشکل وقت میں اسلام آباد کی مدد کرے گا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چین نے کورونا وائرس پر احتیاط کی وجہ سے قابو پایا جبکہ چین کے ساتھ مشکل وقت میں ان کی عوام بھی کھڑی رہی۔ چین پاکستان کا اچھا دوست ہے اور آزمائش میں دونوں کی دوستی ثابت ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت نے مشکل وقت میں اچھے اقدامات کیے تو ان کو سراہنا چاہیے۔ چینی قیادت کے مطابق ہوبے میں کورونا وائرس کا چیلنج زیادہ تھا اور ووہان میں صورت حال کو کنٹرول کرنے کے لیے ترجیحی بنیاد پر کام کیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستانیوں کو چاہیے وہ اپنے اور اہلخانہ کی صحت کا سوچ کر احتیاط کریں جبکہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے۔ حکومت بھی عوام کے تحفظ کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں عالمی مالیاتی اداروں کی پاکستان کو تعاون کی پیشکش

انہوں نے کہا کہ شہری، تاجر اور دیگر افراد اپنے ملک کا سوچ کر ایک دوسرے کا سہارا بن جائیں۔ مشکل حالات میں ذخیرہ اندوزی نہیں کرنی چاہیے۔

شاہ محمود قریشی نے واضح کیا کہ میں نے رضا کارانہ فیصلہ کیا ہے کہ 5 دن قرنطینہ میں جاؤں گا تاہم میرے قرنطینہ میں جانے کا مقصد ہر گز بیماری نہیں ہے۔


متعلقہ خبریں