بلوچستان میں کورونا سے نمٹنے کیلئے خصوصی فنڈ قائم

فائل فوٹو


کوئٹہ: حکومت بلوچستان نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں تباہی مچانے والے کوروناوائرس سے نمٹنے کے لیے خصوصی فنڈ قائم کر دیا ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ  مخلوط حکومت میں شامل جماعتوں کے اراکین اسمبلی اپنی ایک ماہ کی تنخواہ فنڈ میں دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ  توقع ہے کہ 20 اور اس سے زیادہ گریڈ کے افسران رضا کار تنظیمیں اور امدادی ادارے بھی فنڈ میں حصہ ڈالیں گے۔

گزشتہ روز  ایک اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ نے کہا کہ کورونا وائرس کے چیلنج سے موثر طور پر نمٹنے کی حکمت عملی میں جدید ریسرچ اور عالمی ادارہ صحت کے پروٹوکول سے رہنمائی لی جائے۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس: دنیا میں ہلاکتوں کی تعداد8 ہزار سے تجاوز کر گئی

انہوں نے ہدایت دی کہ کورونا وائرس کے نتیجے میں سماجی ومعاشی شعبوں پر مرتب ہونے والے اثرات کا جائزہ لے کر محکمہ خزانہ رپورٹ پیش کرے۔

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے قرنطینہ میں موجود تمام زائرین کے فوری ٹیسٹ یقینی بنائے جائیں اور مثبت ٹیسٹ آنے والے شخص کو آئسولیشن روم میں منتقل کیاجائے۔

جام کمال نے ہدایت دی کہ کوروناوائرس کی روک تھام اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے فوری طور پر ہیلپ لائن ڈیسک قائم کیا جائے۔

سیکریٹری صحت بلوچستان کے مطابق چار ٹیسٹنگ مشینوں کے ذریعہ کورونا وائرس ٹیسٹ کرنے کی استعداد میں اضافہ کیا گیا ہے،  آج کوئٹہ کے قرنطینہ میں 64 ٹیسٹ کئے گئے۔

انہوں نے کہا کہ ڈبلیوایچ او کے پروٹوکول کے مطابق جن کا ٹیسٹ منفی ہوگا ان کا 24 گھنٹے کے اندر دوبارہ ٹیسٹ کیا جائے گا اور نتیجہ منفی آنے کی صورت میں انہیں گھر جانے کی اجازت دے دی جائے گی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تفتان میں بھی کورونا ٹیسٹ کی استعداد کار میں اضافے کے لئے فوری طور مزید پی سی آر مشین اور ٹیسٹنگ کٹس تفتان بھجوائی جائیں گی۔


متعلقہ خبریں