بلوچستان میں انٹر سٹی بس سروس15روز کیلئے بند

بلوچستان میں انٹر سٹی بس سروس15روز کیلئے بند

فائل فوٹو


کوئٹہ: حکومت بلوچستان نے صوبے میں انٹر سٹی بس سروس 15 روز کے لیے بند کر دی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ مسافروں کی بین الصوبائی نقل و حرکت 15 دن بند رہے گی جب کہ دارالحکومت کوئٹہ میں بھی لوکل بسوں اور کوچز کو بند کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ بین الاضلاعی نقل وحرکت پر بھی 2 روز بعد پابندی عائد ہوگی۔ خیال رہے کہ بلوچستان میں اس وقت کورونا کے 15 مریض موجود ہیں۔

صوبائی حکومت نے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئےخصوصی فنڈ بھی قائم کردیا ہے جس میں اراکین اسمبلی اپنی ایک ماہ کی تنخواہ فنڈ میں دیں گے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے امید ظاہر کی ہے کہ 20 اور اس سے زیادہ گریڈ کے افسران، رضا کار تنظیمیں اورامدادی ادارے بھی فنڈ میں حصہ ڈالیں گے۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ کورونا وائرس کے چیلنج سے موثر طور پر نمٹنے کی حکمت عملی میں جدید ریسرچ اور عالمی ادارہ صحت کے پروٹوکول سے رہنمائی لی جائے۔

کوئٹہ کے قرنطینہ میں موجود تمام زائرین کے فوری ٹیسٹ یقینی بنائے جائیں اور مثبت ٹیسٹ آنے والے شخص کو آئسولیشن روم میں منتقل کیاجائے۔

جام کمال نے ہدایت دی کہ کوروناوائرس کی روک تھام اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے فوری طور پر ہیلپ لائن ڈیسک قائم کیا جائے۔

سیکریٹری صحت بلوچستان کے مطابق چار ٹیسٹنگ مشینوں کے ذریعہ کورونا وائرس ٹیسٹ کرنے کی استعداد میں اضافہ کیا گیا ہے۔ ڈبلیوایچ او کے پروٹوکول کے مطابق جن کا ٹیسٹ منفی ہوگا ان کا 24 گھنٹے کے اندر دوبارہ ٹیسٹ کیا جائے گا اور نتیجہ منفی آنے کی صورت میں انہیں گھر جانے کی اجازت دے دی جائے گی۔

تفتان میں بھی کورونا ٹیسٹ کی استعداد کار میں اضافے کے لئے فوری طور مزید پی سی آر مشین اور ٹیسٹنگ کٹس تفتان بھجوائی گئی ہیں۔


متعلقہ خبریں