پاکستان لاک ڈاؤن نہیں ہوگا، گورنرسندھ


کراچی: گورنرسندھ عمران اسماعیل کے مطابق پاکستان کو لاک ڈاؤن نہیں کیا جائے گا، یہ ملک اس کا متحمل نہیں ہو سکتا کیوں کہ یہاں بڑی تعداد میں روزانہ کی بنیاد پر کمانے والے لوگ ہیں۔

پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان تمام صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں اور کسی صوبے کو وفاق پر انگلیاں اٹھانے کی ضرورت نہیں وہ تمام صوبوں کو ایک ہی نظر سے دیکھتے ہیں۔

عمران اسماعیل نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا سے سب کو مل کر مقابلہ کرنا ہوگا، ملک میں سماجی سرگرمیاں ختم کرنے اور صفائی کی ضرورت ہے۔ عوام حکومتی ہدایات پر عمل کریں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، مل کر آفت کامقابلہ کریں گے، وزیراعظم نے ہدایت کی کہ افراتفری نہ پھیلائیں۔

گورنرسندھ نے کہا اگر اس وقت متحد نہ ہوئے تو بھاری نقصان اٹھانا پڑےگا، وزیراعظم کی ہدایات پر این ڈی ایم اے کام کر رہی ہے اور کورونا مریضوں کی صحت یابی کی شرح بہت زیادہ ہے۔

عمران اسماعیل نے اپیل کی کہ جنہیں وائرس کی تشخیص ہوئی، تعاون کریں گے تو جلد ریکور ہوں گے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے سب زیادہ متاثر صوبہ سندھ ہے جہاں ہنگامی بنیادوں پر حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

سندھ میں کورونا کیسز کی تعداد211 ہوگئی ہے۔ محکمہ صحت سندھ کے مطابق آج تین افراد میں کورونا کیسز کی تشخیص ہوچکی ہے۔ مجموعی طور پر سکھر 151، کراچی 59 اورحیدرآباد میں 1 شخص میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔

 


متعلقہ خبریں