کورونا وائرس پر قابو پانے کیلئے جلد چین سے مدد لی جائیگی، ظفر مرزا


اسلام آباد: وفاقی وزیر صحت ظفر مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان میں  کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے جلد چینی اور پاکستانی طبی ماہرین ویڈیو کانفرنس کے ذریعے رابطہ کریں گے۔

اسلام آباد میں ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار اور معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چین نے کورونا وائرس کی وبا کو مزید پھیلنے سے روکا ہے۔

ظفر مرزا نے کہا کہ آئندہ چند روز میں چینی ماہرین کیساتھ وڈیو کانفرنسز شروع کررہے ہیں۔ صحت کے شعبے میں تعاون کے لیے چین سے بات چیت ہوئی ہے۔جب بھی پاکستانی قوم پر مشکل پڑی عوام نے بے مثال یکجتی کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ  پاکستان میں اب تک  کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 326 ہے۔ 176 ممالک میں کورونا وائرس کے مریض رپورٹ ہوچکے ہیں،جو کہ تشویشناک ہے۔

وزیر صحت نے کہا کہ کورونا وائرس سے متعلق اب نیشنل ڈیش بورڈ بن گیا ہے،جس سے صورتحال کاجائزہ لیا جاسکتاہے۔ پاکستان میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ بہت کم ہے۔

ظفر مرزا نے کہا کہ جہاں پر 40 سے زائد لوگ ہوں وہاں جانے سے اجتناب کریں۔ وزیراعظم نے پیغام دیا ہے کورونا وائرس کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہے۔ ہاتھ ملانے، گلے ملنے سے پرہیز کرنا ہوگا۔ پاکستان میں کورونا سے 2 اموات ہوئی ہیں۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ مسلح افواج سول اداروں کے ساتھ مل کر تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے، دعا ہے اللہ تعالیٰ کرونا وائرس سے پاکستان کو محفوظ رکھے

انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے بعد مشترکہ لائحہ عمل تیار کیا گیا ہے، افواج پاکستان پوری طرح متحرک ہے۔ پاک فوج اور دیگر ادارے تمام وسائل بروئے کار لارہے ہیں۔ فوج سول اداروں کے ساتھ مل کر قرنطینہ میں مدد کررہی ہے۔ فوج کےتمام ادارے مشترکہ نگرانی کر رہے ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ تینوں مسلح افواج کی میڈیکل سہولتوں کو ہرطرح سے تیار کیا گیا ہے۔ قرنطینہ سینٹرز بنانے سے متعلق بھی معاونت کررہے ہیں۔ آرمی چیف نے تمام فارمیشنز کو ہرممکن مدد کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملتان کے قرنطینہ سینٹر میں پاک فوج  بھر پور مدد کررہی ہے۔ لوگوں کو بروقت اور درست معلومات دینا ضروری ہیں۔ 21 مارچ سے ملتان، فیصل آباد اور کوئٹہ ایئر پورٹ آپریشنل ہوں گے۔

میجرجنرل بابر افتخار نے کہا کہ پاک فوج حکومت کیساتھ مل کروائرس پر قابو پانےکی کوشش کررہی ہے۔ ایئر پورٹس پر مسلح افواج  کے جوان اسکریننگ میں معاونت کررہےہیں۔ زمینی راستوں پرفوج اور سول انتظامیہ اسکریننگ میں مصروف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سکھرمیں رینجرز کے جوان قرنطینہ سینٹرز کے قیام میں معاونت کررہے ہیں۔ عوام کا اعتماد افواج  پاکستان کا اثاثہ ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ موبائل کمپنیوں کیساتھ مل کر پیغامات عوام تک پہنچائےجارہے ہیں۔ ہر کسی کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ میڈیا کے ذریعے موجودہ صورتحال سےعوام کو آگاہ کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے متعلق ایک خصوصی کمیٹی بنائی گئی ہے۔ بروقت اور درست اطلاعات ہی ایسے حالات میں افواہوں و خوف وہراس کو روک سکتی ہیں۔ ضروری ہے کہ غلط خبریں نہ پھیلیں۔ سب سے اہم عوام سے رابطہ ہے۔ اس میں ڈیموگرافک ڈیٹا بہت اہم ہے۔ لوگوں تک معلومات صرف انہی ذرائع سے پہنچائی جائیں جو انہیں دستیاب ہیں۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 349 ہوگئی، دو جاں بحق

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ مخصوص افراد کے حوالے سے چار گروپس ہیں۔ فرد، خاندان، کمیونٹی ،کمیونٹی لیڈرز، ماہرین اور معاشرہ۔ ان میں سے ہر ایک کو انفرادی اور اجتماعی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہے

انہوں نے کہا کہ ٹارگٹ آڈینس اور ڈیٹا کی روشنی میں مختلف ذرائع مواصلات کا استعمال کیا جا رہا ہے۔موبائل کمپنیز کے ساتھ مل کر عوامی آگاہی مہم اور احتیاطی تدابیر لوگوں کو بھیجی جار رہی ہیں۔خاص کر علاقائی زبانوں میں پیغام رسانی بہت اہم ہے اور اس پر کام جاری ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ریڈیو ایک مضبوط ذریعہ ہے۔ ریڈیو پاکستان اور ایف ایم ریڈیوز زبردست کام کر رہے ہیں۔ ریڈیو عوام تک بروقت معلومات اور احتیاطی تدابیر پہنچا رہے ہیں۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ قومی یکجہتی سے تمام چیلنجز پر قابو پایا ہے۔ صوبائی حکومتیں وفاق کے ا شتراک سے دن رات محنت کررہی ہیں۔ صوبائی حکومتوں کو اقدامات پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان صورت حال سے آگاہ ہیں۔ وزیراعظم نے گزشتہ روز قرنطینہ سنٹر کا دورہ کیا۔ وزیراعظم عمران خان صورت حال کو خود مانیٹر کررہے ہیں۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ یہ پہلا چیلنج نہیں جس سے قوم گزررہی ہے۔ تمام ادارے اپنی ذمہ داری ادا کررہے ہیں۔ عوام کے جان ومال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے۔حکومت نے اپنی ذمہ داری میں کوئی کوتاہی نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس نے  پوری دنیا کی معیشت کو جھنجوڑا ہے۔ معاشی مسائل سے نمٹنے کیلئے وزیراعظم نے معاشی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ موجودہ حالات کا ناجائز فائڈہ اٹھانے والے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے سوالات کا آئندہ سے معلومات اکٹھی کر کےویڈیو لنک کے ذریعے جوابات دیے جائیں گے، تاکہ درست معلومات عوام تک پہنچے۔


متعلقہ خبریں