کورونا وائرس، پی آئی اے کے حفاظتی انتظامات مکمل


اسلام آباد: کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر  قومی ائیر لائن (پی آئی اے) نے حفاظتی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق ملازمین اور فضائی عملے کو حفاظتی کٹس کی فراہمی مکمل کردی گئی ہے۔ پروازوں کے بعد جہازوں کی ڈس انفیکشن اور اسکا مکمل ریکارڈ مرتب کیا جارہا ہے۔ جہازوں پرڈس انفیکٹنٹس، سینیٹائزر اور حفاظتی کٹس کی وافر مقدار رکھ دی گئی ہے۔

ترجمان کے مطابق عالمی ادارہ صحت  اور سول ایوایشن کے جاری کردہ ضابطہ پرعمل یقینی بنایا جارہا ہے۔ بین الاقوامی صحت وحفاظتی اصولوں کی پیروی کیے بغیر انٹرنیشنل پروازیں نہیں چلا سکتے۔

ترجمان نے کہا ہے کہ عوام سے التماس ہے کہ وہ گمراہ کن خبروں اور افواہوں پر یقین نہ کریں۔ پی آئی اے مکمل طور پر محفوظ ہے اور اپنی قومی ذمہ داریوں کو ادا کرنے میں مشغول ہے۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس، حکومت کا بڑے پیمانے پر میڈیکل آلات درآمد کرنے کا فیصلہ

ترجمان کے مطابق سعودی عرب کے بعد اب متحدہ عرب امارات میں پھنسے پاکستانیوں کولانے کیلئے خالی پروازیں بھیجی جارہی ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ بروزجمعہ پی آئی اے چار 777 جہاز دبئی اور دو 777 جہاز ابوظہبی بھیجےگا اور 3 اضافی پروازیں دبئی بھیجی جائیں گی۔ ہر ضرورت کے وقت پی آئی اے نے اپنی خدمات پیش کیں اور قومی جذبے سے سرانجام دیں۔

ترجمان نے کہا ہے کہ سی ای او پی آئی اے ارشد ملک ذاتی طور پر آپریشن کی نگرانی کررہے ہیں۔

ترجمان کے مطابق  ائیر مارشل ارشد ملک نے کہا ہے کہ پی آئی اے کا عملہ پاکستان کے ہیرو ہیں، جو خطرے کے باوجود پروازیں کررہے ہیں۔


متعلقہ خبریں