کورونا وائرس: سندھ میں آج رات 12 بجے سے لاک ڈاؤن کا اعلان


کراچی: کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر حکومت سندھ نے آج رات 12 بجے سے لاک ڈاؤن کو اعلان کردیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ  لاک ڈاؤن کے بعد سارے دفاتر اور عوامی مقامات مکمل طور پربند ہوں گے۔ لوگوں کو غیر ضروری طورپر گھر سے نکلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

مرادعلی شاہ کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی اداروں کو بتا دیا ہے کہ ضرورت کے تحت نکلنے والوں کو نہ روکا جائے۔ ضرورت کے تحت باہر نکلنے والے ہرشخص کےپاس شناختی کارڈ لازمی ہو۔

انہوں نے کہا ہے کہ گاڑی میں ایک ڈرائیور کے ساتھ ایک شخص کے بیٹھنے کی اجازت ہوگی۔ لازمی سروسسز، اشیائے خورونوش کی سپلائی اور دکانیں کھلی رہیں گی۔

دریں اثناء سندھ میں لاک ڈاوَن کے اعلان کے بعد کراچی اوراندرون سندھ میں رینجرزکی اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے۔

ترجمان سندھ رینجرز نے کہا ہے کہ رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے جان ومال  کے تحفظ کے لیے کوشاں ہیں۔ شہری گھروں میں رہیں تاکہ کورونا جیسی وبائی مرض کوشکست دی جاسکے۔ عوام حکومتی احکامات پربھر پور طریقے سےعمل پیرا ہوں۔

کراچی پولیس نے کہا ہے کہ شہری گھروں میں رہیں۔ شہری غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ غیرضروری طور پر دکانوں پرنہ جائیں۔

اس سے قبل وزیراعلیٰ کی زیر صدارت کراچی میں اہم مشاورتی اجلاس ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے مراد علی شاہ  نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ شہریوں کو پانی، بجلی اور اشیائےخورونوش کی فراہمی بلا تعطل جاری رہے۔

انہوں نے کہا کہ سخت فیصلے کرنے کا مقصد عوام کو کورونا وائرس سے بچانا ہے، حکومت بلا ضرورت کسی کو سڑک پر آنے نہیں دے گی اور آج ہی لاک ڈاؤن کا اعلان کی جائے گا۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس، دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 13050 ہو گئی

مراد علی شاہ نے کہا کہ ہمارے فیصلے کے بعد عوام کو محتاط ہو کر گھروں تک محدود ہونا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کے دوران راشن کی تقسیم اور دیگر مسائل  کے حل کے لئے ٹیم بنا رہے ہیں جبکہ آئی جی سندھ اور ڈی جی رینجرز کے دفاتر میں کنٹرول روم بنائے جا رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ مرادعلی شاہ کے مطابق بجلی، پانی، ٹی وی کیبل، انٹرنیٹ اور ٹیلی کام سروسزبلا تعطل فراہم کی جاتی رہیں گی جبکہ لاک ڈاؤن پورے صوبے کے لئے ہوگا تاہم تمام بینک اپنی سروسز جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میرے پاس اب لاک ڈاؤن کے علاوہ کوئی راستہ نہیں جبکہ انہوں نے اجلاس کے دوران مخیر حضرات کو سرکاری فنڈ میں عطیہ  دینے کی اپیل بھی کی۔

ذرائع نے بتایا کہ کورونا وائرس کے معاملے پر وفاقی اور سندھ حکومت ایک صفحے پر ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ ممکنہ لاک ڈاؤن کی کے نفاذ کے 48 گھنٹوں بعد چند گھنٹوں کا وقفہ دیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں