کورونا وائرس، خیبر پختونخوا میں بھی دو روز کے لیے شاپنگ مالز بند

پنجاب میں آٹو انڈسٹری اور شاپنگ مالز کھولنے کا فیصلہ

پشاور: کورونا وائرس کے باعث خیبر پختونخوا حکومت نے بھی دو روز کے لیے تمام شاپنگ مالز کو بند کر دیا۔

خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات اجمل وزیر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت اور متعلقہ ادارے کورونا وائرس کے خلاف مکمل متحرک ہیں جبکہ خیبر پختونخوا حکومت نے ایک ہزار 299 ڈاکٹروں کو مختلف اسپتالوں میں تعینات کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی جان کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے اور عوام کو بچانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے دعویٰ کیا کہ بلند عز م و حوصلے سے کورونا وائرس کو شکست دیں گے۔ کل بروز پیر صبح 9 بجے سے ایک ہفتے کے لیے بین الاضلاعی ٹرانسپورٹ پر پابندی ہو گی تاہم مال بردار اور پرائیویٹ گاڑیوں کو پابندی سے استثنیٰ حاصل ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ 22 سے 24 مارچ تک شاپنگ مالز بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ  میڈیکل اسٹورز، کلینک، کریانہ اسٹورز، بیکریز، تندور اور دودھ کی دکانیں کھلی رہیں گی۔

یہ بھی پڑھیں سندھ میں آج سے لاک ڈاؤن کے نفاذ کا امکان

کورونا وائرس کی تفصیلات بتاتے ہوئے اجمل وزیر نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں کورونا کے 31 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جس میں سے 5 مردان اور 2 پشاور کے بھی ہیں۔ مردان کے 5 مریض جاں بحق شخص کے قریبی رشتہ دار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پشاور کے کورونا مریضوں کی ٹریول ہسٹری ہے۔ خیبر پختونخوا میں کورونا سے 3 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔


متعلقہ خبریں